اسلام آباد(سچ خبریں) وزیراعظم عمران خان کے دورے کے بعد سری لنکا کی حکومت نے عمران کے خان کے مطالبے کو تسلیم کرتے ہوئے کورونا سے جاں بحق مسلمانوں کی میتوں کی تدفین کی اجازت دے دی جس کے بعد وزیر اعظم نے سری لنکا قیادت کا شکریہ ادا کرتے ہوئے اس فیصلے کا خیر مقدم کیا
عمران خان نے سری لنکن قیادت سے اس بارے میں بات کی تھی جس کے بعد سری لنکا کی حکومت نے کورونا وائرس سے جاں بحق مسلمانوں کی لاشوں کو جلانے کے حکم کو ختم کرکے انہیں اسلامی طریقہ کار کے مطابق تدفین کی اجازت دے دی۔
وزیراعظم عمران خان نے ٹوئٹر پر سری لنکن وزیراعظم مہندا راجا پکشے کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ میں سری لنکن حکومت کی جانب سے کورونا (COVID-19) سے انتقال کر جانے والوں کی تدفین کی اجازت کے سرکاری فرمان (آفیشیل نوٹیفکیشن) کے اجراء کا خیر مقدم کرتا ہوں اور اس پر سری لنکن قیادت کا شکر گزار ہوں۔
ادھر سری لنکن مسلمانوں نے بھی وزیراعظم عمران خان کا شکریہ ادا کیا ہے۔ پہلے سری لنکا میں کورونا وائرس سے ہلاک مریضوں کی لاشوں کو جلانے کا قانون نافذ تھا جس کے خلاف مقامی مسلمانوں نے کافی احتجاج کیا تھا۔ اس متنازع قانون پر انسانی حقوق کی تنظیموں نے بھی شدید تنقید کی تھی تاہم سری لنکن حکام کی خام خیالی تھی کہ مریضوں کی لاشوں سے بھی کورونا پھیل سکتا ہے۔