اسلام آباد(سچ خبریں) پاکستان کے صدر ڈاکٹر عارف علوی نے علماء سے مذاہب وبین المسالک ہم آہنگی کو فروغ دینے کی اپیل کرتے ہوئے کہا ہے کہ علماء منبر و محراب کے ذریعہ مذاہب اور بین المسالک ہم آہنگی کو فروغ دیں، علماء نے کورونا کے دوران آگاہی پیدا کرنے اور احتیاطی تدابیر(ایس او پیز) پر عمل کرانے میں بھی اہم کردار ادا کیا۔
تفصیلات کے مطابق صدرعارف علوی سے مرکزی رویت ہلال کمیٹی کے وفد نے ملاقات کی، وفد کی قیادت رویت ہلال کمیٹی کے چیئرمین عبدالخبیرآزاد کررہے تھے۔ اس موقع پر صدر مملکت نے اپیل کی کہ علما منبر ومحراب کے ذریعے مذاہب وبین المسالک ہم آہنگی کو فروغ دیں۔
ان کا کہنا تھا کہ علما مساجد کے ذریعے سماجی موضوعات پر اسلام کی تعلیمات واضح کریں۔عارف علوی نے کہا کہ اسلام نے سب سے پہلے خواتین کو وراثت کا حق دیا، علما وراثت میں خواتین کے حقوق پر مساجد کے ذریعے آگاہی دیں، علما بڑھتی آبادی اور صحت کے مسائل سے متعلق بھی لوگوں کو تعلیم فراہم کریں۔
مرکزری رویت ہلال کمپٹی کے وفد سے ملاقات میں صدر کا یہ بھی کہنا تھا کہ علما معاشرتی اصلاح اور اخلاقی اقدار کے فروغ کے لیے اپنا حصہ ڈالیں، علما نے دوران کورونا آگاہی پیدا کرنے اور ایس او پیز پر عمل میں اہم کردار ادا کیا۔دریں اثنا صدر نے رویت ہلال کمیٹیوں کو فعال بنانے پر چیئرمین اور مرکزی کمیٹی کے کردار کو سراہا۔