شاہد خاقان، فضل الرحمٰن، اچکزئی ہمارے ساتھ ہیں، جلد گرینڈ الائنس بنے گا، شاہ محمود

لاہور: (سچ خبریں) پاکستان تحریک انصاف کے مرکزی رہنما شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ شاہد خاقان عباسی اپنی حکومت سے لاتعلق ہوکر ہمارے ساتھ کھڑے ہوگئے، مفتاح اسماعیل، محمود خان اچکزئی اور مولانا فضل الرحمان بھی ہمارے موقف کے ساتھ کھڑے ہیں، بہت جلد گرینڈ الائنس بننے جارہا ہے۔

ڈان نیوز کے مطابق شاہ محمود قریشی کو 9 مئی کے کیسز میں لاہور کی انسداد دہشت گردی عدالت میں پیش کیا گیا، سماعت کے بعد صحافیوں سے گفتگو میں انہوں نے کہا کہ وہ 9 مئی کیسز میں بے قصور ہیں۔

شاہ محمود قریشی نے کہا کہ ماضی میں کبھی عالمی مالیاتی ادارے (آئی ایم ایف) کے وفد نے چیف جسٹس سے بریفنگ نہیں لی، آئی ایم ایف کی بریفنگ سے ملک میں قانون کی عمل داری کا اندازہ لگایا جاسکتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ 26 ویں ترمیم کی درخواستوں کاانتظار کر لیا جاتا تو اچھا ہوتا، اسلام آباد ہائیکورٹ کی سنیارٹی لسٹ کو بھی متاثر کیا گیا۔

واضح رہے کہ 6 فروری کی ڈان اخبار کی رپورٹ میں کہا گیا تھا کہ حکومت اور اپوزیشن کے درمیان مذاکرات ناکام ہونے کے بعد پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) نے وفاقی حکومت کے خلاف مشترکہ محاذ قائم کرنے کے لیے ایک اور کوشش کرتے ہوئے سابق وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی کو حکومت مخالف تحریک کا حصہ بنالیا۔

مری سے مسلم لیگ (ن) کے سابق رکن قومی اسمبلی سے پی ٹی آئی رہنماؤں کی ملاقات تحریک انصاف کے بانی عمران خان کی جانب سے آرمی چیف جنرل عاصم منیر کو لکھے گئے خط کے بعد ہوئی تھی۔

پی ٹی آئی نے جمعیت علمائے اسلام کے مولانا فضل الرحمٰن اور پیپلز پارٹی کے سابق سینیٹر مصطفیٰ نواز کھوکھر کو بھی حکومت مخالف اتحاد کا حصہ بننے پر قائل کرنے کی کوشش کی۔

پی ٹی آئی عہدیداروں کا کہنا تھا کہ گرینڈ الائنس کی قیادت شاہد خاقان عباسی کریں گے، یہ فیصلہ بنی گالہ میں سابق اسپیکر اسد قیصر کی رہائش گاہ پر اپوزیشن کی بڑی جماعتوں کے جمع ہونے کے بعد کیا گیا تھا۔

اجلاس میں جمعیت علمائے اسلام (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمٰن، سنی اتحاد کونسل کے سربراہ حامد رضا، ایم ڈبلیو ایم کے رہنما علامہ راجا ناصر عباس، شاہد خاقان عباسی، مصطفیٰ نواز کھوکھر، قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر عمر ایوب اور دیگر نے شرکت کی تھی۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے