اسلام آباد(سچ خبریں) چیئرمین کشمیر کمیٹی شہریار آفریدی کا کہنا ہے کہ بھارت نے سید علی گیلانی کو حراست میں قتل کیا ہے۔ سید علی گیلانی کی شہادت جدوجہد آزادی کے لئے بڑا نقصان ہے۔سید علی گیلانی نے کشمیروں کو سکھایا کہ کسی بھی صورت میں ہار نہ مانی جائے، بھارت طاقت کے بل بوتے پر انہیں زیر نہ کرسکا۔
ذرائع کے مطابق چیئرمین کشمیر کمیٹی شہریار آفریدی نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ سید علی گیلانی کی شہادت جدوجہد آزادی کے لیے بڑا نقصان ہے، انہوں نے تحریک آزادی کی بے مثال قیادت کی، ہندوتوا سرکار علی گیلانی کو بزور طاقت و لالچ زیر نہ کرسکی۔
انہوں نے کہا کہ علی گیلانی نے تحریک آزادی میں کشمیر میں ہر آپشن کا استعمال کیا، انہوں نے کشمیریوں کو کسی حالت میں ہار نہ ماننے کا سبق سکھایا۔شہریار آفریدی نے کہا کہ کشمیریوں کی جدوجہد آزادی ملنے تک جاری رہے گی، کشمیریوں کے بھارت سے آزادی کے دن زیادہ دور نہیں، پاکستان کشمیریوں کے ساتھ کھڑا ہے۔
خیال رہے کہ 4 ستمبر کو سید علی گیلانی طویل علالت کے بعد انتقال کر گئے تھے۔سید علی گیلانی کا جسد خاکی کو چھیننے کے بعد حیدر پورہ کے قبرستان میں صبح ساڑھے 4 بجے سپرد خاک کیا گیا تھا، اور اس سلسلے میں بھارتی فورسز نے حیدر پورہ قبرستان کو بھی سیل کر دیا تھا۔بھارتئ فورسز نے ان کا جسدخاکی چھیننے کے بعد اہل خانہ پر جسد خاکی کو پاکستانی پرچم میں لپیٹنے اور پاکستان کے حق میں نعرے لگانے کا مقدمہ بھی درج کیا تھا۔