اسلام آباد (سچ خبریں) ملک میں کھاد کی ذخیرہ اندوزی سے ربیع سیزن کی فصل بری طرح متاثر ہونے کا خدشہ پیدا ہوگیا ہے، وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ کھاد کی ذخیرہ اندوزی سے ربیع سیزن کی فصل کی پیداوار متاثر ہوسکتی ہے، ذخیرہ اندوزوں کے ساتھ کوئی نرمی نہ کی جائے، کھاد کی مناسب فراہمی کے لیے انتظامی اقدامات کو یقینی بنایا جائے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق وزیراعظم کی زیرصدارت ملک میں کھاد کی طلب و رسد کا جائزہ اجلاس ہوا، اجلاس میں وزیراعظم کو کھاد کی دستیابی سے متعلق بریفنگ میں بتایا گیا کہ گزشتہ ہفتے یومیہ اوسطاً 19 ہزار میٹرک ٹن کھاد کی فراہمی کو یقینی بنایا گیا، انسداد سمگلنگ میں پنجاب، خیبرپختونخوا اور بلوچستان کی صوبائی حکومتوں نے انسداد اسمگلنگ مہم کے تحت یوریا کے 92845 تھیلے ضبط کیے۔
وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ پی ٹی آئی کی حکومت نے ملکی تاریخ میں پہلی بار کسان دوست پالیسیاں متعارف کرائیں، کسان پاکستان کی معیشت میں ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کھاد کی ذخیرہ اندوزی سے ربیع سیزن کی فصل کی پیداوار متاثر ہوسکتی ہے، ذخیرہ اندوزوں کے ساتھ کوئی نرمی نہ برتی جائے، کھاد کی فراہمی کے انتظامی اقدامات کو یقینی بنایا جائے، یوریا کی قلت سے متعلق افواہوں کو دور کرنے کیلئے عوامی آگاہی مہم چلائی جائے۔
دوسری جانب وزیراعظم عمران خان نے مشترکہ مفادات کونسل کا اجلاس کل جمعرات کو طلب کر لیا ہے، ذرائع کے مطابق سی سی آئی اجلاس کل جمعرات کو وزیراعظم عمران خان کی زیر صدارت پی ایم ہاؤس میں ہو گا، چاروں صوبائی وزرائے اعلیٰ، وفاقی وزیر بین الصوبائی روابط سمیت متعلقہ حکام شریک ہوں گے، مشترکہ مفادات کونسل کے اجلاس کی تیاریاں مکمل کرلی گئیں، اجلاس میں مردم شماری پر مشاورت سمیت گزشتہ فیصلوں کا جائزہ لیا جائے گا، مشترکہ مفادات کونسل ساتویں مردم شماری منعقد کرنے کی منظوری دے گی۔
ذرائع کے مطابق اجلاس میں مشترکہ مفادات کونسل کی سالانہ رپورٹ کا جائزہ لیا جائے گا، مشترکہ مفادات کے گزشتہ اجلاسوں کے فیصلوں پر عملدرآمد کا جائزہ لیا جائے گا، مشترکہ مفادات کونسل کے مستقل سیکرٹریٹ کے قیام کا جائزہ لیا جائے گا۔ ذرائع کے مطابق اجلاس میں سندھ طاس معاہدے سے متعلق اٹارنی جنرل کی سفارشات کا جائزہ لیا جائے گا،کے فور منصوبے کے لیے 12 سو کیوسک اضافی پانی کو مختص کرنے کا جائزہ لیا جائے گا، مشترکہ مفاد کونسل کے اجلاس میں ایل این جی کی درآمد کے حوالے سے غور کیا جائے گا۔