خیبرپختونخوا: عام انتخابات میں عوامی مینڈیٹ کا ساتھ نہ دینے والے افسران کیخلاف کاروائی کا فیصلہ

?️

پشاور: (سچ خبریں) وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا سہیل آفریدی نے کہا ہے کہ گذشتہ عام انتخابات میں جن سرکاری افسران نے عوام کا ساتھ نہیں دیا ان کے خلاف سخت کاروائی کی جائے گی جب کہ عوام کا ساتھ دینے والے سرکاری حکام کو ایوارڈز دیے جائیں گے۔

ڈان نیوز کے مطابق نو منتخب وزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا سہیل آفریدی کی زیر صدارت پہلا باضابطہ اجلاس ہوا، اجلاس میں صوبائی حکومت کے گڈ گورننس روڈ میپ پر پیشرفت اور امن و امان کی صورتحال کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔

اجلاس میں انسداد بدعنوانی سے متعلق معاملات پر بھی غوروخوص کیا گیا، چیف سیکریٹری، آئی جی پی، ایڈیشنل چیف سیکرٹری، انتظامی سیکرٹریز اور پولیس کے دیگر اعلی حکام نے شرکت کی جب کہ تمام ڈویژنل کمشنرز، ڈپٹی کمشنرز، آر پی اوز اور ڈی پی اوز بذریعہ ویڈیو لنک اجلاس میں شرکت کی۔

متعلقہ حکام کی جانب سے سے وزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا سہیل آفریدی کو صوبائی حکومت کے گڈ گورننس روڈ میپ کے مختلف پہلوؤں پر بریفنگ دی گئی۔

بریفنگ میں بتایا گیا کہ گڈ گورننس روڈ میپ کا مقصد پبلک سروس ڈیلیوری کو بہتر بنانا ہے، گڈ گورننس روڈ میپ پی ٹی آئی کے وژن اور منشور کے عین مطابق تیار کیا گیا ہے۔

مزید کہا گیا کہ گڈ گورننس روڈ 3 وسیع شعبوں پر توجہ مرکوز کرتا ہے، ان شعبوں میں پبلک سروس ڈیلیوری، امن و امان اور معیشت شامل ہیں، روڈ میپ پر عملدرآمد کے سلسلے میں تمام محکموں کے لئے الگ الگ ایکشن پلان تیار کئے گئے ہیں۔

وزیر اعلیٰ کو صوبے میں امن و امان کی صورتحال، دہشتگردی کے واقعات اور عوامل، امن و امان کی صورتحال کو بہتر بنانے کے لئے صوبائی کے اقدامات، پراونشل ایکشن پلان پر عملدرآمد، آئندہ کے لائحہ عمل، پولیس کو مستحکم بنانے کے لئے اقدامات اور دیگر امور پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔

وزیراعلیٰ سہیل آفریدی نے اجلاس کے دوران اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ 8 فروری 2024 کو خیبر پختونخوا میں بھی عوام کے مینڈیٹ پر ڈاکہ ڈالنے کی کوشش کی گئی، میں صوبے کی بیوروکریسی اور پولیس کو خراج تحسین پیش کرتا ہوں کہ انہوں پریشر کے باوجود صوبے کے عوام کے مینڈیٹ کا تحفظ کیا۔

ان کا کہنا تھا کہ صوبے کی بیوروکریسی نے صوبے کی مخصوص روایات اور اقدار کا خیال رکھا، امید ہے وہ آئندہ بھی صوبے کے روایات کو برقرار رکھیں گے، لیکن بدقسمتی سے بعض سرکاری لوگوں نے پریشر برداشت نہیں کئے اور عوام کے مینڈیٹ کا تحفظ نہیں کیا۔

انہوں نے کہا کہ گذشتہ عام انتخابات میں جو سرکاری حکام نے عوام کے ساتھ کھڑے ہوئے انہیں ہم ریوارڈ دیں گے لیکن جن لوگوں نے عوام کا ساتھ نہیں دیا ان کے خلاف سخت کاروائی کی جائے گی، چیف سیکرٹری کو ہدایت کرتا ہوں ایسے تمام لوگوں کی نشاندہی کرکے ان کے خلاف سخت کاروائی کرے۔

سہیل آفریدی کا کہان تھا کہ خیبر پختونخوا میں پی ٹی آئی کی حکومت ہے اور عمران خان پارٹی کے تاحیات چئیرمین ہیں، جس بھی پارٹی کی حکومت ہو اس کے ایجنڈے پر عملدرآمد سرکاری مشینری کا کام ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ کرپشن کے خلاف زیرو ٹالرنس پالیسی ہماری پارٹی کا سب سے اہم ایجنڈا ہے، کسی کو بھی کسی بھی قسم کے کرپشن کی اجازت نہیں ہوگی، جو کرپشن کرے گا اس کے خلاف سخت کاروائی ہوگی۔

انہوں نے کہا کہ سرکاری ملازم اور ہم سب عوام کے خادم ہیں، ہم اپنے عہدوں پر عوام کی خدمت کے لئے بیٹھے ہیں، اگر کسی سرکاری ملازم سے عوام مطمئن نہیں ہوں گے تو وہ اپنے عہدے پر نہیں رہے گا۔

ان کا کہنا تھا کہ میں روایتی انداز میں کام کرنے کے لئے نہیں آیا، روایتی انداز سے ہٹ کر کام کرنا ہوگا، ہم نے ایسے کام کرنے ہیں جسے عوام کو احساس ہو کہ انہوں نے صحیح تبدیلی کے لئے پی ٹی آئی کو ووٹ دیا ہے۔

وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا نے کہا کہ ضم اضلاع کے لئے ٹرائبل میڈیکل کالج اور ٹرائبل یونیورسٹی آف ماڈرن سائنسز کے قیام کا اعلان کرتا ہوں، تمام ضم اضلاع میں ان اداروں کے کیمپیسز قائم کئے جائیں گے۔

ان کا کہنا تھا کہ تمام ضم اضلاع میں تحصیل کی سطح پر پلے گراونڈز کی تعمیر کا اعلان کرتا ہوں، ضم اضلاع کے لئے سیف سٹی پراجیکٹ کا اعلان کرتا ہوں۔

مزید کہا کہ شہید ارشد شریف کے نام سے یونیورسٹی آف انوسیٹیگیٹیو اینڈ ماڈرن جرنلزم کے قیام کا اعلان کرتا ہوں، پشاور شہر کی بحالی و ترقی کے لئے ریوایویل پلان کا بھی اعلان کرتا ہوں۔

سہیل آفریدی کا کہنا تھا کہ ای پیڈ سسٹم کو صوبائی حکومت کے ای ٹینڈرنگ سسٹم سے ہم آہنگ کیا جائے، رٹہ سسٹم کے خاتمے کے لئے کانسیپچوئل ایگزامینشن سسٹم رائج کرنے پر کام کیا جائے، سہیل آفریدی

انہوں نے کہا کہ سرکاری ملازمین کی پوسٹنگ ٹرانسفرز کے لئے دو سالہ پالیسی پر عملدرآمد یقینی بنایا جائے، پوسٹنگ ٹرانسفرز کے لئے سفارش کلچر کا خاتمہ کیا جائے ، پوسٹنگ ٹرانسفر سمیت تمام سرکاری امور میں ٹرانسپرنسی اور میرٹ پر کوئی سمجھوتہ نہیں ہوگا، پارٹی ایجنڈے پر عملدرآمد کے لئے سخت فیصلے لوں گا، ان پر عملدرآمد کرنا ہوگا۔

ان کا کہنا تھا کہ صوبے میں تھری ایم پی او کے تحت کسی بھی سیاسی شخص کو گرفتار نہیں کیا جائے گا، آزادی اظہار رائے اور تنقید برائے اصلاح ہر شہری کا بنیادی آئینی حق ہے، سیاسی ایف آئی آر میں کسی کو بھی گرفتار نہیں کیا جائے گا، یہ ایف آئی آرز سیاسی انتقام کے لئے درج کئے گئے ہیں۔

وزیراعلیٰ نے کہا کہ خیبر پختونخوا کا اپنا ایک مخصوص سیاسی کلچر ہے ہم اسے خراب نہیں ہونے دیں گے، امن و امان ہماری حکومت کی پہلی ترجیح ہے اس پر سمجھوتہ نہیں ہوگا جب کہ پولیس کو فنڈز کی کمی کا سامنا نہیں ہوگا، تمام درکار وسائل ترجیحی بنیادوں پر فراہم کئے جائیں گے۔

ان کا کہنا تھا کہ پولیس کو جدید آلات اور اسلحے سے لیس کیا جائے گا، خیبرپختونخوا پولیس نے دہشتگردی کے خاتمے کے لئے لازوال قربانیاں دی ہیں، پولیس شہدا کے درجات کی بلندی اور ان کے اہل خانہ کے لئے صبر جمیل کی دعا کرتا ہوں، پولیس نے کئی دہائیوں سے دہشتگردی کے خلاف جنگ میں لازوال قربانیاں دی ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ وفاقی حکومت کی غلط پالیسی کی وجہ سے صوبے میں ایک دفعہ پھر دہشتگردی آئی ہے، وفاقی حکومت ہمیں وار آن ٹیرر کے فنڈز سمیت دیگر آئینی حقوق نہیں دے رہی، وفاق کو ہماری قربانیوں کا احساس کرکے ہمیں ہمارے فنڈز بروقت جاری کرنے چاہئے۔

انہوں نے کہا کہ ہمیں ہمارے فنڈز ملیں گے تو ہم پولیس کو مضبوط کر سکیں گے اور دہشتگردی کا مقابلہ کر سکیں گے، پولیس کسی کو بھی سیاسی انتقام کا نشانہ نہیں بنائے گی، کسی بھی طالب علم پر ایف آئی آر درج نہ کی جائے، ذاتی انتقام کے لئے کسی کے خلاف ایف آئی آر درج نہیں ہونی چاہیے۔

سہیل آفریدی کا کہنا تھا کہ خیبرپختونخوا پولیس کا حال کسی صورت پنجاب پولیس جیسا نہیں ہونا چاہیے، جیلوں میں قیدیوں پر تشدد کسی صورت نہیں ہونا چاہئے، پولیس میں کوئی سیاسی مداخلت نہیں ہوگی، لیکن پولیس کے خلاف عوامی شکایات بھی نہیں آنی چاہیے۔

انہوں نے کہا کہ صوبائی حکومت کے ہاوسنگ سوسائٹیز میں پولیس اور میڈیا کے لئے الگ انکلیوز ہونے چاہیے، وفاقی وزیر داخلہ نے پولیس کے لئے جو بلٹ پروف گاڑیاں فراہم کی ہے وہ ناقص اور پرانی ہیں، یہ خیبرپختونخوا پولیس کی تضحیک ہے، ان گاڑیوں کو واپس کیا جائے۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ صوبے کے سابق وزرائے اعلی سے لی گئی سکیورٹی انہیں واپس کی جائے تاکہ ان کا تحفظ اور تکریم یقینی ہو۔

مشہور خبریں۔

سندھ حکومت کا پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ واپس لینے کا مطالبہ

?️ 1 اکتوبر 2021کراچی (سچ  خبریں) سندھ حکومت نے وفاقی حکومت کی جانب سے پیٹرولیم

برازیل کے صدر کو عوامی ریلی میں ماسک نہ پہننا مہنگا پڑگیا

?️ 13 جون 2021تل ابیب (سچ خبریں) برازیل کے صدر جیئر بولسونارو کو ماسک کے بغیر

پوٹن سے ملاقات مکمل جنگ بندی ہے:ٹرمپ

?️ 15 اگست 2025پوٹن سے ملاقات مکمل جنگ بندی ہے:ٹرمپ ڈونلڈ ٹرمپ نے یوکرینی صدر 

شام میں امریکی فضائی حملوں کے دوران عام شہریوں کی ہلاکتیں؛امریکی فوج کا اعتراف

?️ 13 دسمبر 2021سچ خبریں:امریکی فوج اور انٹیلی جنس ذرائع نے انکشاف کیا ہے کہ

غزہ شہدا اور زخمیوں کی تازہ ترین تعداد

?️ 8 اگست 2026سچ خبریں:غزہ کی پٹی میں فلسطینی وزارت صحت کے مطابق سات اکتوبر

کیوبا بھی امریکی پابندیوں کا شکار

?️ 23 جولائی 2021سچ خبریں:امریکی محکمہ خزانہ نے کیوبا کے ایک عہدیدار اور ادارے کے

صیہونیوں کی طرف سے لبنان میں جنگ بندی کی تجویز

?️ 31 اکتوبر 2024سچ خبریں: امریکی میڈیا لبنان اور صیہونی حکومت کے درمیان عنقریب جنگ

برطانیہ اور آئرلینڈ کے مصنفین کی غزہ میں جاری نسل کشی پر بھرپور آواز بلند

?️ 29 مئی 2025سچ خبریں: برطانیہ اور آئرلینڈ کے تقریباً 380 ممتاز مصنفین اور ادبی

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے