اسلام آباد (سچ خبریں) پاک فوج میں اعلیٰ سطح پر تقرریاں اور تبادلے کیے گئے ہیں اور ڈائریکٹر جنرل (ڈی جی) انٹر سروسز انٹیلی جنس (آئی ایس آئی) لیفٹیننٹ جنرل فیض حمید کو کور کمانڈر پشاور اور لیفٹیننٹ جنرل ندیم انجم کو ڈی جی آئی ایس آئی تعینات کردیا گیا ہے۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ ‘آئی ایس پی آر’ کے جاری بیان کے مطابق لیفٹیننٹ جنرل ندیم انجم کو انٹر سروسز انٹیلی جنس (آئی ایس آئی) کا نیا ڈائریکٹر جنرل (ڈی جی) تعینات کردیا گیا ہے۔
فوج میں تقرریوں اور تبادلوں کے حوالے سے جاری بیان میں کہا گیا کہ لیفٹیننٹ جنرل محمد سعید کو کور کمانڈر کراچی، لیفٹیننٹ جنرل نعمان محمود کو صدر نیشنل ڈیفنس یونیورسٹی تعینات کیا گیا ہے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق میجر جنرل عاصم ملک کو لیفٹیننٹ جنرل کے عہدے پر ترقی دے کر پاک فوج کے ایڈجوٹینٹ جنرل تعینات کیا گیا ہے۔
قبل ازیں آئی ایس پی آر نے کہا تھا کہ ڈی جی آئی ایس آئی لیفٹیننٹ جنرل فیض حمید کو کور کمانڈر پشاور تعینات کرنے کے علاوہ لیفٹیننٹ جنرل محمد عامر کو کور کمانڈر گوجرانوالہ اور لیفٹیننٹ جنرل عاصم منیر کو کوارٹر ماسٹر جنرل تعینات کیا گیا ہے۔
ڈی جی آئی ایس آئی کی تعنیاتی وزیراعظم کی صوابدید پر ہوتی ہے لیکن وزیراعظم انٹیلی جنس ایجنسی کے سربراہ کی تعیناتی آرمی چیف کے ساتھ مشاورت سے کرتے ہیں۔
نئے ڈی جی آئی ایس آئی لیفٹیننٹ جنرل ندیم انجم اس سے قبل کور کمانڈر کراچی تعینات تھے اور ستمبر 2019 میں انہیں لیفٹیننٹ جنرل کے عہدے پر ترقی دی گئی تھی۔
پاک فوج کی پنجاب رجمنٹ اور پاکستان ملیٹری اکیڈمی کے 78 ویں لانگ کورس سے تعلق رکھنے والے لیفٹیننٹ جنرل ندیم انجم کمانڈ اینڈ اسٹاف کالج کوئٹہ کے کمانڈنٹ کے طور پر بھی خدمات انجام دے چکے ہیں۔
لیفٹیننٹ جنرل ندیم انجم اس سے قبل بلوچستان فرنٹیئر کور (نارتھ) کے انسپکٹر جنرل بھی رہ چکے ہیں اور کرم ایجنسی ہنگو میں ایک بریگیڈ کے کمانڈر کے طور پر کام کیا۔
برطانیہ کی رائل کالج آف ڈیفنس اسٹڈیز کے گریجویٹ لیفٹیننٹ جنرل ندیم انجم ایشیا پسیفک سینٹر فار سیکیورٹی اسٹڈیز ہنولولو سے بھی ڈگری حاصل کر چکے ہیں۔لیفٹیننٹ جنرل ندیم انجم راولپنڈی کے ضلع گوجر خان میں کوندریالہ کے علاقے مہرا شیخون سے تعلق رکھتے ہیں۔
واضح رہے کہ 16 جون 2019 کو پاک فوج میں لیفٹیننٹ جنرلز کی اہم تقرر اور تبادلے کیے گئے تھے اور لیفٹیننٹ جنرل فیض حمید کو آئی ایس آئی کا ڈائریکٹر جنرل تعینات کیا گیا تھا۔
انہیں لیفٹیننٹ جنرل عاصم منیر کی جگہ اس عہدے پر تعینات کیا گیا تھا۔لیفٹیننٹ جنرل فیض حمید کو اپریل 2019 میں لیفٹیننٹ جنرل ساحر شمشاد سمیت 4 افسران کے ساتھ ترقی دے کر لیفٹیننٹ جنرل بنایا گیا تھا۔
لیفٹیننٹ جنرل فیض حمید ترقی کے وقت آئی ایس آئی میں ڈی جی کاؤنٹر انٹیلی جنس کے طور پر کام کر رہے تھے۔آرمی کی بلوچ رجمنٹ سے تعلق رکھنے والے لیفٹیننٹ جنرل فیض حمید کو اس وقت ڈی جی آئی ایس آئی مقرر کیا گیا تھا جب ملک کے لیے اندرونی اور بیرونی سطح پر سیکیورٹی چیلنجز میں اضافہ ہوگیا تھا۔
ان کا نام سب سے پہلے اس وقت سامنے آیا تھا جب انہوں نے نومبر 2017 میں ایک مذہبی گروپ کی جانب سے فیض آباد میں دیا گیا دھرنا معاہدے کے ذریعے ختم کرانے میں مدد کی تھی۔
کور کمانڈر گوجرانوالہ تعینات ہونے والے لیفٹیننٹ جنرل محمد عامر اس وقت ایڈجوٹنٹ جنرل کی حیثیت سے خدمات انجام دے رہے تھے، وہ جنرل آفیسر کمانڈنگ لاہور کے طور پر بھی خدمات انجام دے چکے ہیں۔
کوارٹر ماسٹر جنرل تعینات ہونے والے لیفٹیننٹ جنرل عاصم منیر اس سے قبل کور کمانڈر گوجرانوالہ کے طور پر خدمات انجام دے رہے تھے، وہ جنرل فیض سے پہلے آئی ایس آئی کے ڈائریکٹر جنرل کے طور پر خدمات انجام دے چکے ہیں۔