اسلام آباد: (سچ خبریں) اسلام آباد ہائیکورٹ نے الیکشن کمیشن کے فیصلے کیخلاف عمران خان کی نا اہلی کالعدم قرار دینے کی درخواست آج ہی سماعت کیلئے مقرر کرنے کی استدعا مسترد کر دی۔
عدالت نے درخواست پیر کو سماعت کیلئے مقرر کر دی ہے۔سابق وزیر اعظم عمران خان نے الیکشن کمیشن کے نا اہلی کے فیصلے کو چیلنج کیا اوراسلام آباد ہائیکورٹ میں عمران خان نے درخواست دائر کی۔
عمران خان کی جانب سے درخواست میں الیکشن کمیشن کے فیصلے کو کالعدم قرار دینے کی استدعا کی گئی۔درخواست میں سیکرٹری الیکشن کمیشن، قومی اسمبلی کے اسپیکر اور سیکرٹری سمیت دیگر فریق بنایا گیا۔عمران خان کی جانب سے بیرسٹر علی ظفر نے اسلام آباد ہائیکورٹ میں درخواست دائر کی۔
درخواست میں الیکشن کمیشن کے فیصلے کے خلاف آج ہی سماعت کرنے کی بھی استدعا کی گئی۔
عمران خان کی درخواست پر اسلام آباد ہائیکورٹ رجسٹرار آفس نے اعتراضات عائد کئے۔رجسٹرار آفس نے اعتراض اٹھایا کہ عمران خان نے بائیو میٹرک تصدیق نہیں کرائی اور عمران خان کے نااہلی فیصلے کی مصدقہ نقل درخواست کے ساتھ منسلک نہیں کی گی۔ یاد رہے کہ گزشتہ روز الیکشن کمیشن نے توشہ خانہ ریفرنس کا فیصلہ سناتے ہوئے چئیرمین پی ٹی آئی عمران خان کو نا اہل قرار دیا جبکہ ان کی قومی اسمبلی کی نشست خالی قرار دینے کے ساتھ عمران خان کے خلاف فوج داری کارروائی شروع کرنے کا بھی حکم دیا۔
عمران خان کی نا اہلی پر الیکشن کمیشن نے تحریری فیصلہ بھی جاری کیا۔ تحریری فیصلے میں کہا گیا کہ عمران خان نے دانستہ طور پر تحائف کی تفصیلات گوشواروں میں جمع نہیں کرائیں۔وکلا کے دلائل،دستیاب ریکارڈ اور ہماری فنڈنگز کے مطابق عمران خان نا اہل ہو چکے ہیں۔ عمران خان آئین کے آرٹیکل 63 ون پی اور الیکشن ایکٹ 2017 کی سیکشن 137،167 اور 173 کے تحت نا اہل ہیں۔فیصلے کے مطابق عمران خان رکن اسمبلی نہیں رہے۔ تحریری فیصلے کے مطابق عمران خان کرپٹ اقدام کے مرتکب ہوئے۔عمران خان نے جھوٹی اسٹیٹمنٹ اور ڈکلیئریشن جمع کرائیں۔