اسلام آباد: (سچ خبریں)پاکستان ازبکستان کے حوالے سے جاری کئے گئے مشترکہ اعلامیہ کے مطابق ازبکستان اور پاکستان کے درمیان مختلف 8 مفاہمتوں کی یاداشتوں پر دستخط کیے گئے جن میں قومی ٹیلی ویژن اور ریڈیو کمپنی اور پاکستان ٹیلی ویژن کارپوریشن کے درمیان ٹیلی ویژن اور ریڈیو براڈ کاسٹنگ کے شعبہ میں تعاون کے لئے مفاہمت کی یادداشت پر پاکستان کی جانب سے وزیر اطلاعات و نشریات چوہدری فواد حسین جبکہ ازبکستان کے وزیر ثقافت اوزود بیک نیزابیکوف نے دستخط کئے ۔
وزیراعظم عمران خان اور ازبکستان کے صدر شوکت مرزا یوف بھی مفاہمت کی یادداشتوں پر دستخط کے موقع پر موجود تھے ۔
پاکستان ازبکستان ایم او یوز کے حوالے سے جاری کئے گئے مشترکہ اعلامیہ کے مطابق ازبکستان اور پاکستان کےدرمیان مختلف مفاہمتوں کی یادشتوں پر دستخط کیے گئے ہیں۔
ازبکستان کی وزارت سیاحت و سپورٹس اور پاکستان کی وزارت مذہبی امور و بین المذاہب ہم آہنگی کے درمیان مذہبی زیارات کی سیاحت کے فروغ کے لئے مفاہمت کی یادداشت پر دستخط کئے گئے ۔ پاکستان کی جانب سے وفاقی وزیر مذہبی امور نور الحق قادری جبکہ ازبکستان کے وزیر برائے امور خارجہ عبدالعزیز کامیلوف نے دستخط کئے ۔
دونوں ملکوں کے درمیان ماحولیات اور موسمیاتی تبدیلی کے شعبے میں تعاون پر مفاہمت کی یادداشت پر پاکستان کی جانب سے وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے موسمیاتی تبدیلی ملک امین اسلم اور ازبکستان کے نائب وزیراعظم اور وزیر برائے سرمایہ کاری و غیر ملکی تجارت سردار عمر زاکوف نے دستخط کئے ۔
دونوں ملکوں کے درمیان ترجیحی تجارتی معاہدے پرمشیر تجارت عبدالرزاق دائود نے پاکستان جبکہ سردار عمر زاکوف نے ازبکستان کی جانب سے دستخط کئے ۔ دونوں ملکوں کے درمیان سکیورٹی کے شعبہ میں تعاون کو مزید فروغ دینے کے لئے روڈ میپ پر بھی دستخط کئے گئے ۔