اسلام آباد(سچ خبریں) وزیراعظم کے معاون خصوصی فیصل نے عوام کو خبردار کیا ہے کہ اگر احتیاط نہ کی تو صورتحال ہاتھ سے نکل سکتی ہے اور پھر اس پر قابو مشکل ہو جائے گی۔ کورونا کی تیسری لہر کے دوران بڑھتے ہوئے کیسز کے سبب جولائی کے بعد ملک میں ایک دن میں سب سے زیادہ کیسز رپورٹ ہوئے ہیں۔
نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر کی طرف سے جاری اعدادو شمار کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ملک بھر میں 3 ہزار 876 افراد کے کووڈ۔19 کے ٹیسٹ مثبت آئے جس کے بعد مجموعی کیسز کی تعداد 6 لاکھ 23 ہزار 135 ہو گئی ہے۔
یہ 8 ماہ کے بعد ملک میں ایک دن میں رپورٹ ہونے والے کیسز کی سب سے بڑی تعداد ہے جہاں اس سے قبل 2 جولائی 2020 کو ملک میں آخری بار 3ہزار 800 سے زائد کیسز رپورٹ ہوئے تھے۔اس دوران مزید 42 افراد زندگی کی بازی بھی ہار گئے جن میں سے 15 وینٹیلیٹر پر موجود مریض تھے جس کے بعد ملک بھر میں مجموعی اموات کی تعداد 13 ہزار 799 ہو گئی ہے۔
گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ملک بھر میں کورونا کے 40 ہزار 946 ٹیسٹ کیے گئے جن میں سے سندھ میں 10 ہزار 445، پنجاب میں 15 ہزار 212، خیبرپختونخوا میں 7 ہزار 753، اسلام آباد میں 5 ہزار 958، بلوچستان میں 362، گلگت بلتستان میں 330، آزاد کشمیر میں 866 ٹیسٹ شامل ہیں۔گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران مزید ایک ہزار 446 مریض صحتیاب بھی ہوئے جس کے بعد کووڈ۔19 سے صحتیاب ہونے والوں کی کُل تعداد 5 لاکھ 79 ہزار 760 ہو چکی ہے۔