جنیوا (سچ خبریں) اسرائیلی فوج کی جانب سے فلسطینیوں کے خلاف وحشیانہ تشدد کا سلسلہ جاری ہے جس میں اب تک سینکڑوں فلسطینی زخمی ہوچکے ہیں اور اب اقوام متحدہ نے اسرائیل کی اس دہشت گردی کی شدید مذمت کی ہے۔
بین الاقوامی میڈیا کے مطابق اقوام متحدہ کی طرف سے جاری کردہ بیان میں کہا گیا کہ قابض ریاست کی طرف سے الشیخ جراح میں نہتے فلسطینیوں کے خلاف طاقت کا استعمال، نہتے مظاہرین کی مار پیٹ اور ان کی گرفتاری قابل مذمت اور بین الاقوامی قوانین کی کھلی خلاف ورزی ہیں۔
اقوام متحدہ کے بیان میں مزید کہا گیا ہےکہ القدس اب بھی مقبوضہ فلسطینی اراضی کا حصہ ہے، اسرائیل کی طرف سے فلسطینی اراضی میں قانونی اور انتظامی سرگرمیاں باطل اور بین الاقوامی قوانین کی خلاف ورزی ہیں۔
خیال رہے کہ فلسطین کے مقبوضہ بیت المقدس شہرمیں گذشتہ دو روز کے دوران اسرائیلی فوج کی طرف سے فلسطینیوں کو نکال باہر کرنے کی کوشش کے دوران درجنوں فلسطینی زخمی ہوچکے ہیں۔
دوسری جانب القدس میدان جنگ میں تبدیل ہوچکا ہے، فلسطینی شہریوں نے الشیخ جراح کو خالی کرنے سے انکار کرتے ہوئے احتجاج کا سلسلہ جاری رکھا ہوا ہے جبکہ قابض فوج نے فلسطینیوں کو طاقت کے ذریعے وہاں سے بے دخل کرنے سازشیں شروع کررکھی ہیں۔
واضح رہے الشیخ جراح میں 12 فلسطینی خاندانوں کو اپنے مکانات خالی کرنے کے احکامات جاری کیے گئے ہیں جبکہ اسرائیل کی جانب سے مسجد اقصیٰ میں نمازیوں پر حملے جاری ہیں۔