سچ خبریں:غزہ کے دفاع مدنی کے مطابق شدید سردی کے باعث مہاجرین نئے مسائل کا سامنا کر رہے ہیں، اور بارش کے پانی کے باعث 1500 سے زائد خیمے آدھے میٹر تک پانی میں ڈوب کر ناقابلِ استعمال ہو چکے ہیں۔
فلسطینی خبر رساں ایجنسی شھاب کی رپورٹ کے مطابق، غزہ کی پٹی کے شہری دفاع کے ادارے نے بتایا کہ موسمِ سرما کے آغاز پر فلسطینیوں کو شدید حالات کا سامنا ہے جبکہ 1500 سے زائد خیمے سیلاب کے پانی میں ڈوب گئے ہیں۔
یہ بھی پڑھیں: غزہ کے سنگین حالات؛ اقوام متحدہ کے چشم دید اہلکار کی رپورٹ
شہری دفاع کے دفترِ اطلاعات نے رپورٹ دی کہ غزہ کے کیمپوں اور پناہ گاہوں میں 1542 خیمے بارش کے پانی سے مکمل طور پر متاثر ہوئے ہیں۔
امدادی ٹیموں نے 30 سینٹی میٹر سے زائد پانی میں ڈوبے سینکڑوں خیموں کا جائزہ لیا اور بتایا کہ مہاجرین شدید سردی کے باعث لرز رہے ہیں اور سرد موسم میں بے گھری کے سنگین اثرات سے دوچار ہیں۔
غزہ کی دفاع مدنی کے مطابق، غزہ کے علاقے میں 242 خیمے پانی میں ڈوبے ہوئے پائے گئے، جبکہ رفح میں 170 سے زائد خیمے البحر اسٹریٹ اور فش فرش علاقے میں زیرِ آب آ گئے۔
رپورٹ میں مزید کہا گیا کہ خان یونس کے مختلف محلوں میں 665 سے زائد خیمے بارش کے پانی سے شدید متاثر ہوئے ہیں، جبکہ غزہ کے مرکزی علاقے میں 210 خیمے بھی شدید بارش کے باعث ناقابلِ استعمال ہو گئے ہیں۔
مزید پڑھیں: مزاحمت کی علامت اور صیہونی مظالم کا شکار فلسطینی خواتین
شہری دفاع کے دفترِ اطلاعات نے کہا کہ یہ خیمے 30 سینٹی میٹر سے زائد پانی کے رساؤ کی زد میں ہیں، اور بارش کے پانی نے مزید سینکڑوں خیموں کو نقصان پہنچایا ہے، جنہیں مہاجرین مزید استعمال کرنے کے قابل نہیں رہے۔