دوحہ (سچ خبریں) اسرائیل کی جانب سے فلسطینی بے گناہ عوام پر شدید بمباری اور قتل عام کے خلاف قطر کی عوام نے ملک بھر میں شدید مظاہرے شروع کردیئے اور اسرائیل کے خلاف نعرے بازی کی۔
تفصیلات کے مطابق قطر میں اسرائیلی جارحیت کے خلاف ہونے والے مظاہرے میں ہزاروں لوگ سڑکوں پر نکل آئے اور اسرائیل کے خلاف شدید نعرے بازی کی گئی۔
قطر کے دارالحکومت دوحہ میں اسرائیلی بمباری کے خلاف اور فلسطینیوں کی حمایت میں احتجاجی مظاہرہ کیا گیا، مظاہرے میں ہزاروں لوگ شریک ہوئے، دوحہ میں ہونے والے بڑے مظاہرے میں فلسطین کی مزاحمتی تحریک حماس کے سربراہ اسمائیل ہانیہ نے شرکت کی۔
مظاہرین نے اسرائیلی جارحیت کے خلاف خوب نعرے بازی کی اور اسرائیلی پرچم کو سرعام نظر آتش کیا، مظاہرین نے مطالبہ کیا کہ فلسطینیوں پر اسرائیلی حملوں کو فوری روکا جائے۔
مظاہرے سے خطاب کرتے ہوئے حماس کے سربراہ اسماعیل ہنیہ نے کہا کہ اسرائیل کو کئی بار خبردار کر چکے کہ مسجد الاقصیٰ کی جانب ہاتھ نہ بڑھائے، مسجد الاقصیٰ قبلہ اول ہماری شناخت، ہمارا ایمان اور ہماری ریڈ لائن ہے۔
اسماعیل ہنیہ نے کہا کہ اسرائیلی حملوں میں سو سے زائد فلسطینی شہید ہوئے جن میں کمسن بچے اور خواتین بھی شامل ہیں۔
حماس کے سربراہ نے اسرائیلی حملوں میں زخمی ہونے والوں کی طبی امداد کرنے پر مصر، لبنان اور اردن کی حکومت کا شرکیہ ادا کیا، جبکہ ایران کی جانب سے فلسطینی مزاحمتی محاذ کی مکمل پشت پناہی کرنے پر ایران کا خصوصی شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ ایران نے ہمیشہ فلسطینی قوم کی حمایت کی ہے اور ہمیں ہتھیاروں سمیت ہر طرح کا تعاون دیا ہے جس کے لیئے ایران کا خصوصی شکریہ ادا کرتا ہوں۔