مقبوضہ بیت المقدس (سچ خبریں) مقبوضہ بیت المقدس میں اسرائیل کی جانب سے جارحیت اور دہشت گردی جاری ہے جس کو دیکھتے ہوئے عرب لیگ نے ہنگامی اجلاس طلب کرلیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق اقوام متحدہ اور بین الاقوامی اداروں میں فلسطین کے معاون وزیر خارجہ عمر عوض اللہ نے بتایا ہے کہ آج سوموار کے روز عرب لیگ کا ہنگامی اجلاس طلب کیا گیا ہے جس میں مقبوضہ بیت المقدس کی تازہ صورت حال پر غور کیاجائے گا۔
موصولہ اطلاعات کے مطابق فلسطینی عہدیدار نے بتایا کہ عرب لیگ کا ورچوئل اجلاس آج سوموار کو ہوگا جس کا واحد ایجنڈا القدس کی تازہ صورت حال اور فلسطینیوں کے خلاف اسرائیلی فوج کی انتقامی کارروائیاں ہیں۔
عمر عوض اللہ نے بتایا کہ القدس میں اسرائیلی فوج کی طرف سے جاری جارحانہ کارروائیوں کی روک تھام کے لیے ہر سطح پر کوششیں جاری ہیں۔
عرب لیگ کے اجلاس کے بعد اسلامی تعاون تنظیم کا بھی بیت المقدس کی صورت حال پر غور کے لیے ہنگامی اجلاس بلانے کی تیاری ہو رہی ہے۔
انہوں نے کہا کہ مقبوضہ بیت المقدس میں الشیخ جراح کے مقام سے فلسطینیوں کی بے دخلی اور فلسطینی شہریوں کے گھروں کی مسماری کے خلاف ہر سطح پر آواز اٹھائی جائے گی۔
انہوں نے بتایا کہ آج سوماور کے روز فلسطین کی تازہ صورت حال پر سلامتی کونسل کا اجلاس بھی منعقد کیا جا رہا ہے، یہ اجلاس چین اور دوسرے ممالک کے مندوبین کے مشورے سے بلایا گیا ہے۔