کابل (سچ خبریں) ایک طرف جہاں افغانستان میں امن کی کوششیں جاری ہیں وہیں دوسری طرف افغان سیکیورٹی فورسز اور طالبان کے مابین شدید جھڑپیں بھی جاری ہیں جن کے نتیجے میں آئے دن متعدد افراد ہلاک اور زخمی ہورہے ہیں اور اب تازہ ترین حملوں میں گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران طالبان کے سینکڑوں افراد ہلاک ہوگئے ہیں۔
تفصیلات کے مطابق افغانستان میں گذشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران افغان فوج کی کاروائیوں میں طالبان گروہ کے کم از کم ایک سو چھے عناصر ہلاک ہوئے ہیں-
موصولہ اطلاعات کے مطابق افغانستان کی وزارت دفاع نے اعلان کیا ہے کہ صوبے ہلمند کے مختلف علاقوں میں گذشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران افغان فوج کی کارروائیوں میں طالبان گروہ کے کم از کم ایک سو چھے عناصر ہلاک ہوئے ہیں۔
دوسری جانب افغانستان کے صوبے بغلان کے صوبائی کونسل کے رکن اسداللہ شہباز نے منگل کو افق خبر رساں ایجنسی سے گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ طالبان نے صوبے بغلان میں ایک فوجی چوکی پر حملہ کیا جس کے نتیجے میں نو فوجی جاں بحق ہوگئے جبکہ اس حملے میں طالبان سولہ فوجیوں کو اپنے ساتھ بھی لے گئے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ کل رات سے شروع ہونے والی یہ جھڑپ صبح ختم ہوئی اور اس چوکی پر طالبان کا قبضہ ہو گیا۔
اسداللہ شہباز کا کہنا تھا کہ طالبان نے چوکی پر قبضہ کرنے کے بعد فوجی سازوسامان اور ہتھیار اپنے ساتھ لے گئے اور فوج کی کئی بکتر بند گاڑیوں کو آگ لگا دی۔