کابل (سچ خبریں) افغان صدر اشرف غنی نے طالبان کو بڑی دھمکی دیتے ہوئے کہا ہے کہ اگر طالبان نے امریکی افواج کے انخلا کے بعد ملک میں نا امنی پھیلانے کی کوشش کی تو ان کے خلاف جنگ کرنے سے پیچھے نہیں ہٹیں گے۔
تفصیلات کے مطابق افغانستان کے صدر اشرف غنی کا کہنا ہے کہ امریکی افواج کے انخلا کے ساتھ افغان طالبان سے جنگ کے لیے بھی تیار ہیں۔
امریکی خبر رساں ادارے کو انٹرویو دیتے ہوئے افغان صدر اشرف غنی نے کہا کہ افغان طالبان کو انتخابات پر مبنی سیاسی نظام قبول کرنا ہوگا۔
اشرف غنی نے کہا کہ دیگرمعاملات پر طالبان کے ساتھ بات چیت ہو سکتی ہے۔ اگر طالبان نے اقتدار پر قبضہ کیا تو فیصلہ میدان جنگ میں ہوگا، انہوں نے مزید کہا کہ امریکی فوج کے انخلا کے ساتھ طالبان سے جنگ کے لیے بھی تیار ہیں۔
واضح رہے کہ اس سے قبل اشرف غنی نے امریکا کی جانب سے پیش کردہ امن منصوبہ مسترد کرتے ہوئے کہا تھا کہ وہ اس کے متبادل کے طور پر آئندہ 6 ماہ میں نئے صدارتی انتخاب کی تجویز پیش کریں گے۔
انہوں نے کہا تھا کہ ان کے دور اقتدار کی معیاد کا مکمل ہونا، ملک میں امن قائم کرنے سے کم اہمیت کا حامل ہے تاہم افغانستان کے مستقبل کا فیصلہ میز کے پیچھے بیٹھ کر کوئی خواب دیکھنے والا نہیں بلکہ عوام کریں گے۔