غزہ (سچ خبریں) دہشت گرد ریاست اسرائیل کی جیل موسکوبیہ میں گرفتاری کے کچھ دن بعد ہی ایک فلسطینی نوجوان شہید ہوگیا ہے۔
غیر ملکی خبررساں ایجنسی کے مطابق عبد یوسف الخطیب التمیمی نامی ایک فلسطینی جوان جسے اسرائیلی فورسز نے اتوار کے روز مغربی کنارے میں شعفاط کیمپ سے گرفتار کیا تھا وہ اسرائیلی جیل میں شہید ہوگیا ہے۔
فلسطین کی امور اسیران کلب کمیٹی کے میڈیا مشیر حسن عبد ربہ نے بتایا کہ عبد یوسف مسکوبیہ حراستی مرکز میں حراست کے دوران شہید ہوگئے ہیں۔
حسن عبد ربہ نے اس نوجوان فلسطینی کی شہادت کا ذمہ دار صہیونی حکومت اور اس کی جیل انتظامیہ کو قرار دیا ہے۔
دوسری طرف، التمیمی خاندان نے اعلان کیا ہے کہ صہیونی حکومت کی پولیس نے دعوی کیا ہے کہ ان کا بیٹا قید میں دل کا دورہ پڑنے سے شہید ہوا ہے جبکہ یہ سراسر جھوٹ ہے۔
فلسطین کی امور اسیران کمیٹیوں کے مطابق، صیہونی حکومت نے 4،400 فلسطینیوں کو حراست میں لے رکھا ہے، جن میں 39 خواتین اور 155 بچے بھی شامل ہیں، اور ان میں سے 500 قیدیوں کے لئے انتظامی نظربندی کا حکم جاری کیا گیا ہے۔