سچ خبریں:وائٹ ہاؤس کی ترجمان نے ہیٹی کے صدر کے قتل کی مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ امریکی صدر کی قومی سلامتی ٹیم کو اس واقعے کے بارے میں مطلع کیا جائے گا۔
ایسوسی ایٹڈ پریس کی رپورٹ کے مطابق بدھ کے روز وائٹ ہاؤس کی ترجمان جینفر ساکی نے ہیٹی کے صدر جوونیل موائس کے قتل کو خوفناک اور افسوسناک قرار دیا ،رپورٹ کے مطابق وائٹ ہاؤس کی ترجمان نے ایک انٹرویو میں کہا کہ امریکی حکومت واقعے کے بارے میں معلومات اکٹھا کررہی ہے اور قومی سلامتی کی ٹیم اس کی اطلاع امریکی صدر جو بائیڈن کو دے گی۔
ساکی نے مزید کہا کہ یہ ایک خوفناک جرم ہے اور ہم ہیٹی لوگوں کے دکھوں پر افسوس کرتے ہیں جو صبح سویرے اٹھتے ہی اپنے صدر کے قتل کی خبر سننے کو ملی،امریکی حکومت کی ترجمان نے کہا کہ ہم ان کے شانہ بشانہ کھڑے ہونے اور ان کو ہر قسم کی مدد فراہم کرنے کے لئے تیار ہیں۔
واضح رہے کہ ہیٹی کےمقامی میڈیا نے بدھ کے روزاس ملک کے عبوری وزیر اعظم کلاڈ جوزف کے حوالے سے اطلاع دی کہ حملہ آوروں نےاس ملک کے دارالحکومت پورٹ او پرنس میں صدر کی رہائش گاہ پر حملہ کیا جس میں ان کی اہلیہ کو بھی گولی مار کر زخمی کردیا ۔
اسپوٹنک نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق اس قتل میں اپنی جان سے ہاتھ دھو بیٹھے ہیٹی کے صدر کے علاوہ ان کی اہلیہ بھی کچھ گھنٹوں بعد شدید زخمی ہونے کی وجہ سے اسپتال میں دم توڑ گئیں،سوئس اخبار لی نویلیسٹ کے ایک رپورٹر نے ہیٹی کےوزیر اعظم کے حوالے سے بتایا کہ یہ قتل کمانڈوز کے ایک گروپ نے غیر ملکی عناصر کی موجودگی میں کیا ۔