سچ خبریں:افغانستان کے لیے امریکہ کے خصوصی ایلچی نے کہا کہ یوکرائن کے بحران کی وجہ سے افغانستان پر توجہ کم ہو رہی ہے، انہوں نے مزید کہا کہ طالبان کو تسلیم کرنے کا ابھی تک کوئی فیصلہ نہیں ہوا۔
طالبان کے ساتھ امریکی معاہدے پر دستخط کی دوسری سالگرہ کے موقع پر افغانستان کے لیے امریکی خصوصی نمائندےٹام ویسٹ نے کہا کہ واشنگٹن نے ابھی تک یہ فیصلہ نہیں کیا کہ طالبان حکومت کو تسلیم کیا جائے یا نہیں،ویسٹ نے طالبان کو تسلیم کرنے کی امریکی شرائط کے بارے میں طلوع نیوز کو بتایا کہ انہیں تسلیم کرنے سے پہلے ہم افغان عوام کے ساتھ طالبان کے ذمہ دارانہ رویے کا جائزہ لیناچاہتے ہیں۔
امریکی نمائندہ خصوصی نے افغانستان میں انسانی بحران پر بھی تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ یوکرائن میں پیش آنے والی صورتحال کی وجہ سے دنیا کی توجہ افغانستان کی صورتحال پر کم ہو رہی ہے، انہوں نے پہلےبھی کہا تھا کہ طالبان کو تسلیم کرنے کا کوئی ٹائم ٹیبل نہیں ہے، یہاں تک کہ اگر روس اور چین کابل میں گورننگ باڈی کو تسلیم کرتے ہیں تب بھی امریکہ ایسا نہیں کرے گا۔
واضح رہے کہ اس حقیقت کے باوجود کہ طالبان کو اقتدار میں آئے 6 ماہ سے زائد کا عرصہ گزر چکا ہے،تاہم ابھی تک کسی ملک نے انہیں تسلیم نہیں کیا،جبکہ روس نے طالبان حکام کے ساتھ عالمی نمائندوں کی متعدد ملاقاتوں کا حوالہ دیتے ہوئے کہا ہے کہ انہیں تسلیم کرنے کا عمل عملی طور پر جاری ہے۔