سچ خبریں:پینٹاگون کے ترجمان جان کربی نے بدھ کو مشرقی یورپ میں ہزاروں کی تعداد میں امریکی فوجیوں کی تعیناتی کا اعلان کیا۔
پینٹاگون کے ترجمان جان کربی نے بتایا کہ ہم نے امریکی فوجیوں کو پولینڈ، جرمنی اور رومانیہ منتقل کرنے کا فیصلہ کیا ہے، انہوں نے مزید کہاکہ ہم فرانس کی طرف سے نیٹو کی قیادت میں فورس بھیجنے کے ارادے کے اعلان کا خیرمقدم کرتے ہیں،ہم نیٹو کے ذریعے ان افواج کو دفاعی طور پر تعینات کرنے کے لیے مل کر کام کریں گے اور کشیدگی میں اضافہ نہیں کریں گے۔
انہوں نے یہ بھی کہا کہ یہ مہم جو دستے نیٹو اتحادیوں کے مضبوط دفاع کی ضمانت دیں گے اور یوکرائن میں نہیں لڑیں گے، کربی نے مزید کہاکہ ہم مشرقی یورپ میں غیر جنگی دفاعی افواج کی تعیناتی کے لیے نیٹو کی چھتری کے نیچے کام کرتے رہیں گے،ہم آنے والے دنوں میں امریکہ سے 2000 فوجیوں کو یورپ منتقل کریں گے۔
انہوں نے کہا کہ وہ نہیں جانتے کہ روس نے یوکرائن پر حملہ کرنے کا فیصلہ کیا ہے یا نہیں، پینٹاگون کے عہدہ دار نے زور دے کر کہا کہ مشرقی یورپ میں مزید فوجیوں کی تعیناتی اس بات کا واضح اشارہ ہے کہ امریکہ کسی بھی جارحیت کے خلاف اپنے دفاع کے لیے تیار ہے۔