سچ خبریں:فلسطینی وزارت صحت نے اعلان کیا ہے کہ مغربی کنارے کے مختلف علاقوں میں صیہونی افواج کے حملوں میں 123 فلسطینی شدید زخمی ہوئے۔
فلسطین ٹوڈے کی رپورٹ کے مطابق فلسطینی وزارت صحت نے مغربی کنارے کے مختلف علاقوں بشمول بیتا اور جنین کے علاقوں پر صیہونی عسکریت پسندوں کے حملوں کے حوالے سے ہفتے کے روز ایک بیان جاری کیا۔
رپورٹ کے مطابق فلسطینی وزارت صحت نے اعلان کیاکہ صہیونی فوج کی جانب سے فلسطینی مظاہرین پر جمعہ کے روز ہونے والے وحشیانہ حملوں میں 123 افراد شدید زخمی ہوئے جن میں سے بعض کی حالت تشویشناک ہے، وزارت نے یہ بھی کہا کہ مقبوضہ بیت المقدس میں واقع شیخ جراح علاقے پر بھی صیہونی عسکریت پسندوں اور آباد کاروں نے حملہ کیا، اس وحشیانہ حملے میں متعدد فلسطینی زخمی ہوئے۔
قابل ذکر ہے کہ گذشتہ کچھ عرصے سے صیہونی حکومت کی فوج مقبوضہ بیت المقدس میں واقع شیخ جراح” علاقے کے مکینوں پر اپنا دباؤ بڑھا رہی ہے جس کو بلاشبہ فلسطینی مزاحمتی گروپوں کی جانب سے بڑے پیمانے پر ردعمل کا سامنا کرنا پڑا ہے۔
تقریباً ایک ہفتہ قبل صہیونیوں نے شیخ جراح کے علاقے پر وحشیانہ حملہ کر کے اس علاقے میں مقیم فلسطینیوں کے گھروں کو تباہ کر دیا جبکہ اقوام متحدہ سمیت پوری عالمی برادری خاموش تماشائی بنی رہی۔