سچ خبریں:پاکستان میں ہونے والے اسلامی تعاون تنظیم کے وزرائے خارجہ کے 48ویں اجلاس میں شریک ایرانی وزارت خارجہ کے ترجمان نے مسئلہ فلسطین کو عالم اسلام کی ترجیحات کے طور پر حل کرنے پر زور دیا۔
ایرانی وزارت خارجہ کے ترجمان سعید خطیب زادہ نے پاکستان کی میزبانی میں ہونے والے اسلامی تعاون تنظیم کے وزرائے خارجہ کے اجلاس میں شرکت کی جس کے بعد انہوں نے منگل کو ٹویٹ کیا کہ مجھے اسلامی جمہوریہ ایران کی جانب سے پاکستان میں او آئی سی کے وزرائے خارجہ کے 48ویں اجلاس میں شرکت کرنے پر خوشی ہے۔
ایرانی وزارت خارجہ کے ترجمان نے زور دے کر کہا کہ فلسطین عالم اسلام کی بنیادی ترجیح رہا ہے اور رہے گا اور کوئی بھی اس آئیڈیل پر اسرائیلی نسل پرست حکومت کے ساتھ سمجھوتہ نہیں کر سکتا، انھوں نے مزید کہا کہ یمن سے لے کر افغانستان تک عالم اسلام کا اتحاد بحرانوں کے حل کی کلید ہے۔
یاد رہے کہ ایرانی وزیر خارجہ نے اپنے عراقی ہم منصب کے ساتھ رابطے کے دوران اسلامی تعاون تنظیم کے اجلاس کا حوالہ دیتے ہوئے اسلامی تعاون تنظیم سے مطالبہ کیا کہ وہ ایسے مسائل پر توجہ مرکوز کرے جو امت اسلامی کے درمیان اتحاد اور ہمدردی کو مضبوط بنانے میں مدد فراہم کریں۔