سچ خبریں:فلسطینی وزارت صحت نے غزہ میں صہیونی فوج کے وحشیانہ حملوں کے نتیجے میں شہداء کی تعداد پانچ ہزار پانچ سو تک پہنچنے کا اعلان کیا ہے۔ ان حملوں میں اب تک 17 ہزار فلسطینی زخمی ہو چکے ہیں۔
دوسری جانب فلسطینی وزارت صحت کے ترجمان نے اعلان کیا ہے کہ اسپتالوں کے جنریٹرز کے آپریشن کے لیے درکار ایندھن ختم ہونے کے نتیجے میں غزہ کی پٹی میں 12 اسپتالوں اور 32 مراکز صحت کا آپریشن روک دیا گیا ہے۔
انہوں نے اس بات کی طرف اشارہ کرتے ہوئے کہ پوری غزہ کی پٹی میں 24 اسپتال ہیں، مزید کہا کہ موجودہ صورتحال میں غزہ کے بیشتر اسپتال ایندھن کی باقی ماندہ مقدار کو استعمال کرتے ہوئے کام کررہے ہیں اور ان کا کام کسی بھی وقت بند ہوسکتا ہے۔
فلسطینی وزارت صحت کے ترجمان نے اسپتالوں کو درکار ایندھن کے لیے غزہ میں گزرگاہوں کو دوبارہ کھولنے کی ضرورت پر زور دیا اور کہا کہ بصورت دیگر غزہ میں بیماروں اور زخمیوں کو خدمات فراہم کرنا بہت زیادہ مشکل ہو جائے گا۔