سچ خبریں:مصر کی الازہر یونیورسٹی نے غزہ پر صیہونی حکومت کی جارحیت کی مذمت کرتے ہوئے فلسطین کی حمایت اور صیہونی حکومت کا مقابلہ کرنے کے لیے عربوں اور مسلمانوں کے اتحاد پر زور دیا۔
المیادین چینل کی رپورٹ کے مطابق مصر کی الازہر یونیورسٹی نے غزہ کی پٹی پر صیہونی حکومت کی وحشیانہ جارحیت پر ردعمل ظاہر کیا ہے جس کے نتیجے میں درجنوں فلسطینی شہید اور زخمی ہوچکے ہیں۔
رپورٹ کے مطابق مصر کی الازہر نے ایک بیان جاری کرتے ہوئے غزہ میں صیہونی حکومت کی جارحیت اور عام شہریوں کے قتل کی مذمت کی ہے جس میں درجنوں زخمی ہوئے ہیں، الازہر نے اس غیر معقول اور ناقابل قبول بین الاقوامی خاموشی کی بھی مذمت کی جو صیہونی حکومت کو انسانی حقوق کی خلاف ورزیاں جاری رکھنے کی ترغیب دلاتی ہے۔
الازہر کے بیان میں کہا گیا ہے کہ قابض اسرائیلی حکومت کے فلسطینیوں کے خلاف اقدامات اور انسانی حقوق کی پامالی، شہریوں اور ان کے گھروں کو نشانہ بنانا، ان کی زمینوں اور املاک کو غصب کرنا، صیہونی بستیوں کی تعمیر اور فلسطینی شہروں کی تاریخی اور قانونی حیثیت کو تبدیل کرنا بین الاقوامی برادری کے ماتھے پر سیاہ دھبہ ہے نیز یہ ایک اور مجرمانہ فعل ہے جو صیہونی حکومت کے سیاہ ریکارڈ میں اضافہ کرتا ہے،الازہر نے فلسطینیوں اور ان کی جائز جدوجہد کی حمایت کے لیے عرب اور مسلمانوں کے اتحاد کی ضرورت پر بھی زور دیا۔