سچ خبریں:صیہونی فوج عرب اور اسلامی ممالک کے ساتھ فوجی تعلقات کو معمول پر لانے کے مقصد سے مستقبل قریب میں عرب ممالک کی افواج کے سربراہان کو مدعو کرکے ایک بین الاقوامی کانفرنس منعقد کرنے کا ارادہ رکھتی ہے۔
صیہونی ذرائع ابلاغ کی رپورٹ کے مطابق صیہونی فوج عرب اور اسلامی ممالک کی افواج کے سربراہان کو مدعو کرکے ایک بین الاقوامی کانفرنس منعقد کرنے کا ارادہ رکھتی ہے جو 12 سے 15 ستمبر کو اسرائیلی فوج کے چیف آف جنرل سٹاف ایویو کوخاوی کی میزبانی میں ہو گی اور اس میں عرب ممالک کے مہمانوں سمیت دنیا کے بعض ممالک کے سربراہان کی شرکت ہوگی۔
اسرائیلی فوج کے ترجمان کے مطابق اس کانفرانس کا مقصد فوجی تجربات پر تبادلہ خیال ، رائے کا تبادلہ کرنا نیز اسرائیلی فوج اور عرب ممالک کے درمیان بین الاقوامی تعاون کو مضبوط بنانا ہے۔
واضح رہے کہ عرب اور اسلامی ممالک کے ساتھ سیاسی تعلقات کو معمول پر لانے کی راہ پر گامزن ہونے کے بعد صیہونی حکومت مذکورہ ممالک کے اعلیٰ فوجی حکام کو مدعو کرکے عرب اور اسلامی فوجی حکام کے درمیان تعلقات معمول پر لانے کے عمل میں تیزی اور توسیع کا ارادہ رکھتی ہے۔
یاد رہے کہ صیہونی حکومت کے خبر رساں ذرائع نے اس سے قبل متحدہ عرب امارات کے وزیر خارجہ عبداللہ بن زائد کے آئندہ ہفتے مقبوضہ علاقوں کے دورے کا اعلان کیا تھا، واضح رہے کہ مقبوضہ فلسطین کے اپنے پہلے دورے میں متحدہ عرب امارات کے وزیر خارجہ اہم ترین علاقائی مسائل اور تازہ ترین صورتحال کے بارے میں اسرائیلی حکام سے مشاورت کرنے والے ہیں۔