سچ خبریں: اسرائیلی حکومت نے غزہ کی پٹی پر بمباری کے دوران مزاحمت کاروں کے پاس موجود 2 صیہونی قیدیوں کو ہلاک کردیا۔
المیادین چینل کی رپورٹ کے مطابق القسام بٹالین (فلسطینی اسلامی مزاحمتی تحریک حماس کی عسکری شاخ) نے اعلان کیا ہے کہ صیہونی حکومت کی جانب سے کی جانے والی بمباری کے دوران غزہ میں مزاحمت کاروں کے پاس موجود مزید 2 صہیونی قیدی ہلاک ہوگئے۔
یہ بھی پڑھیں: غزہ میں صیہونی قیدی کہاں ہیں؟
القسام بریگیڈز نے تاکید کی کہ صیہونی حکومت نے بمباری کے دوران غزہ کی پٹی میں مزاحمت کے پاس موجود 2 صیہونی قیدیوں کو ہلاک کر دیا جن کا نام یوسی شرعابی اور طائیس فریسکی ہے۔
یہ پہلا موقع نہیں ہے کہ صیہونی حکومت نے غزہ کی پٹی پر بمباری کے دوران یا اس پٹی میں زمینی لڑائی کے دوران مزاحمت کاروں کے پاس موجود صیہونی قیدیوں کو ہلاک کیا ہے۔
اس کے باعث مقبوضہ علاقوں میں صیہونی وزیراعظم بنیامین نیتن یاہو اور ان کی کابینہ کے خلاف شدید احتجاجی مظاہرے ہوئے ہیں۔
اس سلسلے میں صیہونی کابینہ اور قابض وزیر اعظم بنیامین نیتن یاہو کے خلاف صیہونی آباد کاروں کا احتجاج آج بھی جاری رہا۔
مزید پڑھیں: اب صیہونی قیدیوں کا کیا ہوگا؟
الجزیرہ کے رپورٹر نے اطلاع دی ہے کہ مقبوضہ بیت المقدس میں تقریباً 2000 آباد کاروں نے Knesset اور صیہونی وزیراعظم کے دفتر کے سامنے احتجاج کیا۔
ان مظاہروں میں احتجاج کرنے والے آباد کاروں نے نیتن یاہو اور صیہونی کابینہ کے خلاف نعرے لگائے اور ان کی برطرفی کا مطالبہ کیا۔