سچ خبریں:جنوبی کوریا نے دعوی کیا ہے کہ شمالی کوریا نے درمیانی فاصلے تک مار کرنے والے ایک اور بیلسٹک میزائل کا تجربہ کیا ہے۔
جنوبی کوریا کی فوج کا کہنا ہے کہ شمالی کوریا نے جنوبی کوریا کے مشرقی ساحل کی جانب متوسط فاصلے تک مار کرنے والے میزائل کا تجربہ کیا ہے،جاپان کے ٹیلی ویژن نے کہا ہے کہ یہ میزائل جاپان کے جزیرے ہوکائیڈو سے ہوتا ہوا بحرالکاہل میں جا گرا، واقعہ میں کسی شخص کے زخمی ہونے کی اطلاع نہیں ہے،میزائل کے جاپان کی حدود سے گزرنے پر جاپان نے اس کی شدید مذمت کی ہے۔
برطانوی میڈیا کا کہنا ہے کہ میزائل تجربے کے دوران حکام نے جاپان کے شہریوں کو ہوائی سفر سے خبردار کیا تھا جبکہ ٹرین سروس بھی معطل کی گئی تھی،واضح رہے کہ شمالی کوریا کا 10 دنوں کے اندر یہ پانچواں میزائل تجربہ ہے، پیونگ یانگ نے چند روز قبل بھی ایک بیلسٹک میزائل کا تجربہ کیا تھا، یہ میزائل تجربہ امریکی نائب صدر کملا ہیرس کے جنوبی کوریا کے دورے کے موقع پر کیا گيا۔
یاد رہے کہ چند روز قبل جنوبی کوریا اور امریکہ نے شمالی کوریا کے کم فاصلے تک مار کرنے والے میزائل تجربے کے بعد چار روزہ بحری مشقیں کی تھیں ، ان مشقوں میں امریکی طیارہ بردار جہاز سمیت بیس جنگی جہازوں نے شرکت کی تھی جس پر شمالی کوریا نے شدید رد عمل کا اظہار کیا تھا۔