سچ خبریں:اقوام متحدہ نے شام کی جنگ میں ہلاک ہونے والے 3 لاکھ 50 ہزار سے زائد افراد کی شناخت کی ہے۔
روئٹرز نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق اقوام متحدہ کے ہائی کمشنر برائے انسانی حقوق کے دفتر کا کہنا ہے کہ اس نے گزشتہ 10 سالوں میں شامی جنگ کے 350000 سے زائد متاثرین کی شناخت کی ہے، اقوام متحدہ نے شہریوں اور میدان جنگ میں مارے جانے والوں کے ناموں ، کنیتوں ، تاریخوں اور مقامات کی بنیاد پر اعداد و شمار مرتب کیے ہیں۔
اقوام متحدہ کے انسانی حقوق کے ہائی کمشنر میشل باشلہ نے اقوام متحدہ کی انسانی حقوق کونسل کو بتایا کہ ان اعدادوشمار میں ہم نے مارچ 2011 سے مارچ 2021 تک شام کی جنگ میں ہلاک ہونے والے 350209 افراد کی شناخت کی ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ یہ تعداد شام کی جنگ میں ہلاک ہونے والے افراد کی کم سے کم تعداد کی نشاندہی کرتی ہے جس کی تصدیق ہوچکی ہےجبکہ یقینی طور پر اس جنگ میں 350000 سے زائد افراد ہلاک ہوئے۔
رپورٹ کے مطابق ان اعداد وشمان میں سب سے زیادہ متاثرین کا تعلق حلب سے ہے جہاں 51731 افراد اپنی جانوں سے ہاتھ دھو بیٹھے،یادرہے کہ 2014 میں اقوام متحدہ کے انسانی حقوق کے ہائی کمشنر نے شام میں جنگ کے متاثرین کی تعداد 191000 سے زائد بتائی۔
اقوام متحدہ کے انسانی حقوق کے ہائی کمشنر نے شام میں جنگ کے دوران لاپتہ افراد کے مسئلے کو حل کرنے کے لیے ایک آزاد طریقہ کار کا بھی مطالبہ کیا ہے،میشل باشلہ نے کہا کہ شام میں لاپتہ افراد کی بڑی تعداد کو دیکھتے ہوئے ، میں ایک مضبوط بین الاقوامی مینڈیٹ کے ساتھ ایک آزاد طریقہ کار کے لیے اپنی کال کو دہرا رہا ہوں تاکہ لاپتہ افراد کی حالت اور ٹھکانے کو واضح کیا جا سکے۔