سچ خبریں:امریکی صدر نے دعویٰ کیا کہ امریکی فوج نے شمال مغربی شام میں ایک کارروائی کے دوران داعش دہشت گرد گروہ کے سربراہ کو ہلاک کر دیا ہے۔
امریکی صدر جو بائیڈن نے جمعرات کو اعلان کیا کہ داعش دہشت گرد گروہ کا سربراہ ابو ابراہیم قرداش شمال مغربی شام میں امریکی قیادت میں کی گئی کارروائی میں مارا گیا ہے،بائیڈن نے وائٹ ہاؤس کی آفیشل ویب سائٹ پر پوسٹ کیے گئے ایک بیان میں کہاکہ گزشتہ رات، میرے حکم پر امریکی افواج نے شمال مغربی شام میں امریکی عوام اور ہمارے اتحادیوں کے تحفظ کے لیے انسداد دہشت گردی کا ایک کامیاب آپریشن کیا، اور انھوں نے دنیا کو ایک محفوظ مقام بنا دیا۔
انہوں نے مزید کہا کہ ہماری مسلح افواج کی مہارت اور حوصلے کی بدولت، ہم نے داعش کے سربراہ ابو ابراہیم قرداش کو میدان جنگ سے ہٹا دیا، تمام امریکی اس آپریشن سے محفوظ واپس آ گئے،میں صبح (مقامی وقت کے مطابق) امریکی عوام سے بات کروں گا۔
خبر رساں ادارے روئٹرز نے بائیڈن کے ایک اعلیٰ سرکاری عہدہ دار کے حوالے سے بتایا ہے کہ داعش کے رہنما نے امریکی افواج کے ساتھ جھڑپ کے بعد خود کو دھماکے سے اڑا لیا ،درایں اثنا العربیہ نے باخبر ذرائع کے حوالے سے بتایا ہے کہ داعش کے سربراہ کی ہلاکت کی تصدیق کے لیے ڈی این اے ٹیسٹ کیے جا رہے ہیں۔