روسی وزارت خارجہ کی ترجمان نے زور دے کر کہا کہ عالمی غذائی بحران کی وجہ مغربی ممالک ہیں روس نہیں۔
اسپوٹنک نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق روسی وزارت خارجہ کی ترجمان ماریا زاخارووا نے کہا کہ یوکرین کو یورپی یونین کی رکنیت کے لیے امیدوار کا درجہ دینے کا مقصد اس کی ترقی کے لیے نہیں بلکہ اپنے اراکین کے مفاد کے لیے استعمال کرنا تھا،زاخارووا نے ایک نیوز کانفرنس میں کہا کہ مغربی ممالک یوکرین کو فوجی سازوسامان اور کیف کو سیاسی مدد فراہم کر کے جنگ کو طول دے رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ یوکرین کو یورپی یونین کے امیدوار کا درجہ دینا مغربی حکومتوں کی طرف سے روس پر قابو پانے کے لیے یوکرین کے علاقے پر قبضہ کرنے کا ایک اور اقدام ہے اور اس کا یوکرین یا پورے خطے کی اقتصادی ترقی سے کوئی تعلق نہیں ہے،انہوں نے خوراک کے عالمی بحران کا بھی حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ مغربی ممالک اس عالمی بحران کی وجہ ہیں، اس کا روس سے کوئی تعلق نہیں ہے۔
واضح رہے کہ ورلڈ فوڈ پروگرام (ڈبلیو ایف پی) نے خبردار کیا ہے کہ یوکرین پر روس کے حملے نے دنیا کو "ٹرپل ایف” بحران (خوراک، ایندھن اور کھاد کے بحران) کے دہانے پر کھڑا کر دیا ہے، جس کی وجہ سے کم از کم 345 ملین افراد کو خوراک کی عدم تحفظ کا سامنا ہے۔