سچ خبریں:ترکی کے صدر نے اعلان کیا کہ ان کی حکومت نے 2023 تک ملکی ساخت کے لڑاکا طیاروں کی نقاب کشائی کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
اناطولی نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق ترک صدر رجب طیب اردغان نے اعلان کیا کہ ان کی حکومت نے 2023 تک اپنے لڑاکا طیارے کی نقاب کشائی کرنے کا فیصلہ کیا ہے، انہوں نے مزید کہا کہ لڑاکا طیارہ 2025 سے لانچ کیا جائے گا اور 2029 میں یہ ترک فضائیہ کا اہم آلہ ہوگا۔
ترک صدر نے کہا کہ 2002 میں اے کے پی کے اقتدار میں آنے کے بعد سے ترکی کا دفاعی بجٹ 5.5 بلین ڈالر سے بڑھ کر 75 بلین ڈالر ہو گیا ہے، اردغان نے مزید کہا کہ اس عرصے میں ترک دفاعی مصنوعات کی فروخت بھی 1 بلین ڈالر سے بڑھ کر 10 بلین ڈالر تک پہنچ گئی ہے۔
انہوں نے کہا کہ گزشتہ دو دہائیوں میں دفاعی صنعت کے منصوبوں کی تعداد 62 سے بڑھ کر 750 ہو گئی ہے جبکہ خطہ میں ترکی کی برآمدات 248 ملین ڈالر سے بڑھ کر 3 ارب 224 ملین ڈالر تک پہنچ گئی ہیں۔
ترک صدر نے کہا کہ ملکی ضروریات کو پورا کرنے کے ساتھ ساتھ ہمارا ملک اب اپنے دوستوں اور اتحادیوں کی دفاعی ضروریات بھی پوری کر رہا ہے، رجب طیب اردغان نے اعلان کیا کہ ہمارا ملک ڈرونزکی پیداوار میں دنیا کے سرفہرست تین ممالک میں سے ایک ہے۔