سچ خبریں:بھارتی حکومت نے ملک کی سکیورٹی کے خلاف سرگرم ہونے اور افواہیں پھیلانے کے الزام میں یوٹیوب کے 22 چینل بند کرنے کا اعلان کیا ہے۔
ہندوستان کی وزارت اطلاعات و نشریات نے اعلان کیا کہ یوٹیوب کے جن بائیس یوٹیوب چینلوں کو بلاک کیا گیا ہے ان کے مجموعی طور پر دوارب چھے سوملین ناظرین اور فالوور تھے، رپورٹ کے مطابق بلاک شدہ یوٹیوب چینلز میں 18 ہندوستانی یوٹیوب نیوز چینلز شامل ہیں جنہیں آئی ٹی رولز 2021 کے تحت پہلی بار بلاک کیا گیا ہے جبکہ چار پاکستانی یوٹیوب نیوز چینلز ہیں۔
ہندوستانی حکومت نے ایک بیان میں کہا کہ ان یوٹیوب چینلز کا استعمال مختلف موضوعات جیسے کہ ہندوستانی مسلح افواج کے سلسلہ میں جعلی خبریں شائع کرنے کے لیے کیا گیا تھا نیز ان چینلز نے ناظرین کو گمراہ کرنے کے لیے ٹی وی نیوز چینلز کے لوگو اور جھوٹے تھمب نیلز کا استعمال کیا۔
ہندوستان میں بلاک کیے گئے چینلز میں، اے آر پی نیوز جس کے 4.4 کروڑ سبسکرائبر تھے، اس کے علاوہ اے او پی نیوز کے 74 لاکھ سبسکرائبرز تھے، اور ایل ڈی سی نیوز کے 4.7 لاکھ سبسکرائبر تھے جبکہ بلاک کیے گئے پاکستانی یوٹیوب چینلز میں دنیا میرے آگے کے 420000 سبسکرائبرز تھے جن کے کل ویوز 11.2 کروڑ سے تجاوز کر گئے تھے، ‘غلام نبی مدنی’ کے 37.09 لاکھ سے زیادہ ویوز تھے، اور ‘حقیقت ٹی وی’ کے 40 لاکھ سے زیادہ سبسکرائبر تھے۔
ہندوستانی حکومت کے مطابق یہ چینل بھارت کی خودمختاری، قومی سلامتی اور دوسرے ممالک کے ساتھ تعلقات کو متاثر کرنے والی غلط معلومات پھیلانے میں ملوث تھے، اس کے علاوہ تین ٹوئٹر اکاؤنٹس، ایک فیس بک اکاؤنٹ اور ایک نیوز ویب سائٹ کو بھی بلاک کر دیا گیا۔