سچ خبریں:ایران کے روحانی پیشو آیت اللہ خامنہ ای نے اس ملک کی فضائیہ کے بعض عہدہ داروں کے ساتھ ملاقات کے دوران کہا کہ ایرانی مسلح افواج کی کامیابیاں دشمن کو سخت کھٹک رہی ہیں۔
اسلامی جمہوریہ ایران کے مذہبی رہنما اور اس ملک کی مسلح افواج کے سپریم کمانڈر آیت اللہ خامنہ ای نے ایرانی فضائيہ کے بعض افسروں اور اہلکاروں کے ساتھ ملاقات کے دوران کہا کہ آج اسلامی نظام کے انقلابی اور حماسی اقدامات کو تحریف اور مسخ سے بچانے اور دشمن کے مشترکہ حملوں کا جواب دینے کے لیے مشترکہ دفاعی اقدام کی ضرورت ہے اور اس سلسلے میں جہاد کی تشریح اور توضیح بہت ہی اہم فریضہ ہے۔
رہبر انقلاب نے ایرانی فضائیہ کی بصیرت کی طرف اشارہ کرتے ہوئےکہا کہ ایرانی فضائیہ کے افسروں اور اہلکاروں نے امریکہ اور اسرائیل کے اندازوں اور محاسبات کو غلط ثابت کردیا اور امریکہ کو ایسی جگہ سے مہلک چوٹ پہنچی جس کا اسے تصور بھی نہیں تھا۔
آیت اللہ خامنہ ای نے ایران کے خلاف دشمن کے مشترکہ اقتصادی، سیاسی، ثقافتی، تبلیغاتی اور سفارتی حملوں کی طرف اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ ہمیں دشمن کے مختلف میدانوں میں مشترکہ حملوں کا صرف دفاع نہیں کرنا چاہیے بلکہ دشمن کے مشترکہ حملوں کا مشترکہ حملوں کے ذریعہ منہ توڑ اور بھر پور جواب دینا چاہیے۔
انھوں نے کہا کہ انقلاب اسلامی کی کامیابی کے بعد ایران کی مختلف میدانوں میں شاندار کامیابیاں دشمنوں کی آنکھوں میں کانٹے کی طرح چبھ رہی ہیں کیونکہ ایران نے دشمن کے ارادوں کے بر عکس ترقی کی ہے اور ایران کی موجودہ ترقی اور پیشرفت کا تسلسل اس ملک کے مستقبل کے درخشاں اور تابناک ہونے کا مظہرہے۔