اسلام آباد: (سچ خبریں) بھارت کی ہندو انتہاپسند قوم پرست جماعت مہاراشٹرا نونرمائن سنہا (ایم این ایس) نے عاطف اسلم کی بولی وڈ میں ممکنہ واپسی پر دھمکی دیتے ہوئے کہا ہے کہ کسی بھی صورت میں کسی بھی پاکستانی فنکار کو بھارت میں برداشت نہیں کیا جائے گا۔
بھارتی ویب سائٹ مڈ ڈے کے مطابق راج ٹھاکرے کی سرپرستی میں چلنے والی تنظیم کے سینما ونگ کے سربراہ امیا کھوپکر نے دھمکی دیتے ہوئے کہا ہے کہ کسی بھی صورت میں پاکستانی فنکار کو بھارت میں قبول نہیں کیا جائے گا۔
امیا کھوپکر نے واضح کیا کہ نہ صرف بولی وڈ بلکہ بھارت کی کسی بھی دوسری زبان میں بننے والی فلم یا اس کے گانے میں کسی پاکستانی فنکار کو برداشت نہیں کیا جائے گا۔
انہوں نے دھمکی دی کہ جو لوگ پاکستانی فنکاروں کو عدالتی فیصلے کی روشنی میں بھارت لانے کی تیاریاں کر رہے ہیں، وہ اپنی نشاندہی کریں، مکمل ایڈریس ظاہر کریں، ہم ان سے نمٹ لیں گے۔
رپورٹ کے مطابق امیا کھوپکر نے بھارتی گلوکار ارجیت سنگھ کو بھی مبہم انداز میں دھمکی دی، کیوں کہ انہوں نے مبہم انداز میں عاطف اسلم کی بھارت میں واپسی کو خوش آئندہ قرار دیا تھا۔
چند دن قبل خبر سامنے آئی تھی کہ ممکنہ طور عاطف اسلم بولی وُڈ کی آئندہ آنے والی فلم ’لو اسٹوری آف نائنٹیز‘ میں گلوکاری کرتے دکھائی دیں گے۔
بھارتی میڈیا نے فلم کے پروڈیوسرز کا حوالہ دیتے ہوئے بتایا تھا کہ مذکورہ فلم کے ایک گانے میں عاطف اسلم نے آواز کا جادو جگایا ہے، تاہم پاکستانی گلوکار نے اس بات کی تردید یا تصدیق نہیں کی۔
عاطف اسلم کی بولی وڈ میں واپسی کی خبر سامنے آتے ہی اب ہندو انتہاپسند قومپرست جماعت نے دھمکی دی ہے کہ کسی بھی صورت میں پاکستانی فنکار کو بھارت میں قبول نہیں کیا جائے گا۔