ممبئی ( سچ خبریں)افغانستان پر طالبان کے کنٹرول کے بعد پیش آنے والی صورتحال پر اپنے ردعمل کا اظہارکرتے ہوئے بھارتی فلم انڈسٹری بالی ووڈ کی معروف شخصیات نے کہا ہے کہ شدت پسند مذہب کی آڑ میں ثقافت پر حملہ کرتےہیں، امریکا کس قسم کی سپر پاور ہے کہ طالبان کو ختم نہیں کر سکتی۔
بھارتی فلمساز و اداکارہ سونی رازدان نے مائیکرو بلاگنگ ویب سائٹ ٹوئٹر پر افغانستان کی موجودہ صورتحال پر اپنے خیالات کا اظہار کیا ہے۔انہوں نے اپنے ٹوئٹ میں لکھا کہ ‘ یہ کیسی دنیا ہے کہ ایک ملک اپنی آزادی کا جشن مناتا ہے دوسرا ملک اپنی آزادی کھو دیتا ہے۔’
بھارتی اداکارہ شبانہ اعظمی نے مائیکرو بلاگنگ ویب سائٹ ٹوئٹر پر افغانستان کی صورتحال پر اپنا ردِعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ ‘ تاریخ ہمیں سکھاتی ہے کہ شدت پسند پہلے مذہب کی آڑ میں ثقافت پر حملہ کرتے ہیں۔انہوں نے مزید لکھا کہ ‘یاد رکھیں کہ طالبان نے چھٹی صدی کے بامیان مجسموں کو تباہ کیا تھا اور یہ اس بات کی علامت تھی کہ انسانی ظلم و ستم کی پیروی کی جائے گی۔
اس کے علاوہ مشہور بھارتی مصنف اور شاعر جاوید اختر نے اپنے ٹوئٹر اکاؤنٹ پر افغانستان کی موجودہ صورتحال پر ردِعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ ‘امریکہ کس قسم کی سپر پاور ہے کہ وہ ان وحشیوں کو ختم نہیں کر سکتی جنہیں طالبان کہتے ہیں۔انہوں نے مزید کہا کہ ‘ یہ دنیا کیسی دنیا ہے جس نے افغان خواتین کو ان شدت پسندوں کے رحم و کرم پر چھوڑ دیا ہے۔’
جاوید اختر نے کہا کہ شرم آنی چاہیے ان تمام مغربی ممالک پر جو انسانی حقوق کے محافظ ہونے کا دعویٰ کرتے ہیں۔دوسری جانب جاوید اختر کے بیٹے اور بالی ووڈ کے معروف ہدایتکار فرحان اختر کا افغانستان کی صورتحال کے حوالے سے ردِعمل میں کہنا ہے کہ ‘ دنیا کی طاقتوں کو صرف اس وقت یہ بات کرنے کی ضرورت ہے کہ معصوم افغانوں کی مدد کیسے کی جائے۔انہوں نے مزید کہا کہ ‘ ابھی اور اسی وقت، اس کے لیے آنے والے دنوں کے انتظار کا وقت نہیں ہے ۔