کراچی (سچ خبریں)پی ٹی وی اسپورٹس پر شو”گیم آن ہے”کے میزبان نعمان نیاز کی جانب سے شعیب اخترکو شوچھوڑنے کے تنازعے پر عالمی شہرت یافتہ گلوکار و اداکار علی ظفر بھی سابق فاسٹ بولر شعیب اختر کا ساتھ دینے میدان میں آگئے ہیں انہوں نے شعیب اختر کو مخاطب قراردیتے ہوئے کہا کہ آپ ہمارے لیجنڈ ہیں۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر علی ظفر نے لیجنڈری کرکٹر شعیب اختر کی تصویر شیئر کی جوکہ اُن کے کرکٹ کے یادگار دنوں کی ہے۔علی ظفر نے اپنے ٹوئٹ میں لکھا کہ ’ہمیں اپنے قومی ہیروز اور خاص طور پر ایک دوسرے کا احترام کرنا سیکھنا چاہیے۔‘
گلوکار نے لکھا کہ ’ہمیں اپنی رائے کا حق ہے لیکن دوسروں کے جذبات کو ٹھیس پہنچائے بغیر الفاظ کے صحیح انتخاب کے ساتھ زیادہ مہذب انداز میں اس کا اظہار شائستگی سے کیا جا سکتا ہے۔‘اُنہوں نے شعیب اختر سے مخاطب ہوتے ہوئے لکھا کہ ’آپ ہمارے لیجنڈ ہیں۔‘
خیال رہے کہ پاک نیوزی لینڈ میچ کے بعد پی ٹی وی اسپورٹس پر شو ’گیم آن ہے‘ کے میزبان نعمان نیاز نے شعیب اختر کو شو چھوڑنے کا کہہ دیا تھا بعد ازاں شعیب اختر نے کہا کہ سرکاری ٹی وی پر میزبان کا رویہ ناقابل برداشت تھا، دنیا بھر کے لیجنڈز کے سامنے یوں شو سے جانے کا کہنا توہین آمیز تھا۔