کراچی (سچ خبریں)پاکستان میوزک انڈسٹری کے نوجوان گلوکار عاصم اظہر نے مسجد الاقصیٰ حملے پر دُنیا کی خاموشی دیکھ کر شدید برہمی اعور غصے کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اس افسوناک واقعے کے بعد بھی دنیا فلسطین پر اسرائیل کے مسلسل مظالم پر خاموش رہے گی۔
مائیکرو بلاگنگ سائٹ ٹوئٹر پر جاری کیے گئے پیغام میں عاصم اظہر نے کہا کہ ’میں یہ دیکھ کر شدید افسردہ ہوں کہ آپ کسی کی عبادت گاہ اور عبادت گزاروں پر کیسے حملہ کرسکتے ہیں؟ گلوکار نے اپنے ٹوئٹ میں ہیش ٹیگ PalestiniansLivesMatter کا بھی استعمال کیا جس کا مطلب ہے کہ فلسطینیوں کی زندگیوں کا معاملہ۔
اُنہوں نے اپنے پیغام میں ہیش ٹیگ IsraeliAttackonAlAqsa کا بھی استعال کیا۔عاصم اظہر کے اس ٹوئٹ پر صارفین کی بڑی تعداد مسجد الاقصیٰ پر حملے کی شدید مذمت کررہی ہے۔
واضح رہے کہ جمعے کے روز سینکڑوں فلسطینی مسجد اقصیٰ کے ارد گرد پہاڑی کے احاطے میں نماز جمعہ کے لیے اکٹھے ہوئے جس کے بعد بہت سے لوگ شہر میں بے دخلی کے خلاف احتجاج کے لیے وہیں موجود رہے لیکن افطار کے بعد مسجد اقصیٰ میں اور شیخ جراح کے قریب چھوٹی چھوٹی جھڑپیں شروع ہوئیں جو قدیم شہر کے مشہور دمشق گیٹ کے قریب ہے۔
پولیس نے بکتر بند گاڑیوں پر نصب واٹر کینن کا استعمال کئی سو مظاہرین کو منتشر کرنے کے لیے کیا جو ممکنہ بے دخلی کا سامنا کرنے والے خاندانوں کے گھروں کے قریب جمع تھے۔جمعے کے روز مسجد الاقصیٰ پر فلسطینی نوجوانوں کی جانب سے اسرائیلی پولیس پر پتھراؤ کیا گیا جب کہ اسرائیلی پولیس نے فلسطینیوں کے خلاف ربر کی گولیوں اور اسٹن دستی بموں کا استعمال کیا۔ ان جھڑپوں میں مجموعی طور پر 205 فلسطینی اور 17 اسرائیلی پولیس اہلکار زخمی ہوئے ہیں۔