اسلام آباد ( سچ خبریں ) وفاقی وزیر اطلاعات فواد چوہدری نے کریڈٹ سوئس بینک کے 18 ہزار اکاؤنٹس کا ریکارڈ لیک ہونے پر ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ کرپشن اور منی لانڈرنگ پاکستان کا اہم ترین مسئلہ ہے۔ وزیراعظم کرپشن اور منی لانڈرنگ کے مسائل پرمسلسل آواز اٹھا رہے ہیں۔
تفصیلات کے مطابق انہوں نے کہا ہے کہ پانامہ ، پنڈورا اوراب سوئس اکاؤنٹس کی کہانی! منی لانڈرنگ اور کرپشن غریب ممالک کا بڑا مسئلہ ہے ۔ سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر جاری کردہ اپنے ایک بیان میں وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ کرپشن اور منی لانڈرنگ پاکستان جیسے ممالک کا اہم ترین مسئلہ ہے ، وزیراعظم کرپشن اور منی لانڈرنگ کے مسائل پرمسلسل آواز اٹھا رہے ہیں اور وزیراعظم کہتے رہے ہیں کہ امیر ملک غریب ممالک کے اس استحصال کو روکیں ، اب سارے منی لانڈرر اتحاد بنا رہے ہیں۔
خیال رہے کہ پنڈورا اور پاناما کے بعد نیا ہنگامہ، کریڈٹ سوئس بینک کے 18 ہزار اکاؤنٹس کا ریکارڈ لیک ہوگیا ، کئی ڈکٹیٹرز ، سیاستدانوں اور مافیاز سے تعلق رکھنے والے افراد کے کھاتے بھی شامل ہیں ، اکاؤنٹس میں 100 ارب سے زائد ڈالر موجود ، آرگنائزڈ کرائم اینڈ کرپشن رپورٹنگ پراجیکٹ (او سی سی آر پی) نے تفصیلات جلد منظر عام پر لانے کا اعلان کردیا۔
سوئس سیکریٹس ميں اردن کے شاہ عبداللہ دوئم کا نام بھی آيا ہے ، اُن کے دور ميں ايک اکاؤنٹ ميں 230 ملين سوئس فرانک موجود تھے، یہ وہ دور تھا جب اُردن نے اربوں روپے کی غير ملکی امداد حاصل کی ، سوئس کریڈٹ میں اردن کے بادشاہ شاہ عبد اللہ کے صرف ایک اکاؤنٹ میں 223 ملین ڈالر پڑے ہوئے ہیں جبکہ حالیہ دنوں میں اردن کو زر مبادلہ کی شدید کمی کا سامنا تھا، مصر کے ایک خفیہ ادارے کا سربراہ ، جرمن عہدیدار ، وینزویلا کے بزنس مین اور آذربائیجان کا ایک امیر ترین شخص بھی ان افراد میں شامل ہے جن کا نام ان خفیہ اکاؤنٹس میں سامنے آیا ۔