اسلام آباد(سچ خبریں) ملک میں کورونا ایک بار پھر تیزی سے پھیلنا شروع ہو گیا ہے مثبت کیسز آنے کی شرح 5.65 فیصد ہو گئی، ایک دن میں 2700 سے زائد کیسز رپورٹ اور34 اموات ہوئیں۔ ملک میں کوروناکے45ہزار579فعال کیسزہیں جبکہ کورونا مریضوں کی مجموعی تعداد 9 لاکھ 86 ہزار 668 ہوگئی۔
تفصیلات کے مطابق پاکستان میں کورونا کی چوتھی لہر کی شدت میں اضافہ ہوتا جارہا ہے ، جس کے باعث اموات اور کیسز بڑھنے لگے ہیں۔نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر(این سی او سی) نے ملک میں کورونا صورت حال سے متعلق تازہ اعدادوشمار جاری کردیے ہیں ، جس میں بتایا ہے کہ ملک میں 24گھنٹے میں کورونا میں مبتلا 39 افراد انتقال کرگئے، جس کے بعد کورونا وائرس سے مجموعی اموات کی تعداد 22ہزار 760 ہوگئیں۔
این سی او سی کا کہنا ہے کہ گزشتہ چوبیس گھنٹے میں کورونا کے 49 ہزار 247 ٹیسٹ کئے گئے، جن میں 2ہزار783 نئے کیسزرپورٹ ہوئے اور کورونا کے مثبت کیسز کی شرح ساڑھے پانچ فیصد سے زیادہ رہی۔نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر نے بتایا کہ اس وقت ملک میں کوروناکے45ہزار579فعال کیسزہیں جبکہ کورونا مریضوں کی مجموعی تعداد 9 لاکھ 86 ہزار 668 ہوگئی۔
اعدادو شمار کے مطابق سندھ میں کورونا کے کیسز کی تعداد تین لاکھ 52 ہزار 472، پنجاب میں تین لاکھ 49 ہزار 475، خیبر پختونخوا میں ایک لاکھ 39 ہزار 960 اور بلوچستان میں 28 ہزار 704 ہوگئی جبکہ اسلام آباد میں 84 ہزار 266، آزاد کشمیر میں 21 ہزار 632 اور گلگت بلتستان میں سات ہزار 210 افراد متاثر ہوچکے ہیں۔
خیال رہے کوویکس کی فراہم کردہ آسٹرازنیکاویکسین کی کھیپ پاکستان پہنچ گئی ہے ، جس میں ایک اعشاریہ چوبیس ملین ڈوز شامل ہیں ، آسٹرازنیکا دائمی امراض اورکمزور قوت مدافعت والے افراد کو لگائی جائے گی۔