اسلام آباد(سچ خبریں) وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ پاکستان، عراق کے ساتھ دو طرفہ تعلقات کو انتہائی قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے، پاکستان جنوبی ایشیائی خطے میں امن چاہتا ہے کیونکہ امن کی بنیاد پر پی عوام کو غربت سے نکلا جا سکتا ہے جبکہ پاکستان، عراق دہشتگردی کےخلاف جنگ میں ایک دوسرے کے تجربات سے فائدہ اٹھاسکتے ہیں۔
ریڈیو پاکستان کی رپورٹ کے مطابق عراقی وزیر خارجہ کے ہمراہ مشترکہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے شاہ محمود قریشی نے کہا کہ افغان امن عمل کو آگے بڑھنا ہوگا۔وزیر خارجہ نے عراقی ہم منصب فواد حسین سے بات چیت کے دوران کہا کہ انہوں نے امن عمل میں سہولت کے لیے پاکستان کے کردار سے آگاہ کیا۔
شاہ محمود قریشی نے کہا کہ پاکستان زائرین کے عراق کے دورے کے لیے سہولیات سے متعلق متعدد اقدامات اٹھا رہا ہے۔اس سے قبل عراقی ہم منصب سے ملاقات کے دوران دونوں وزرائے خارجہ کے مابین دو طرفہ تعلقات، کثیرالجہتی شعبہ جات میں تعاون کے فروغ سمیت باہمی دلچسپی کے اہم علاقائی و عالمی امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
سرکاری نیوز ایجنسی ’اے پی پی‘ کے مطابق دفتر خارجہ کی جانب سے جاری اعلامیے میں کہا گیا کہ وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا کہ پاکستان، عراق کے ساتھ دو طرفہ تعلقات کو انتہائی قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے اور دہشتگردی کے خلاف جنگ میں دونوں ممالک ایک دوسرے کے تجربات سے بھرپور فائدہ اٹھاسکتے ہیں۔دفتر خارجہ کے مطابق ہفتہ کو عراقی دارالحکومت بغداد میں وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی اور ان کے عراقی ہم منصب فواد حسین کے مابین اہم ملاقات ہوئی۔
شاہ محمود قریشی نے کہا کہ ہم نے اپنی جغرافیائی سیاسی ترجیحات کو جغرافیائی اقتصادی ترجیحات میں بدل دیا ہے اور دونوں ممالک کے مابین تجارت، سرمایہ کاری، تعلیم، ٹیکنالوجی، انفراسٹرکچر ڈیولپمنٹ سمیت باہمی دلچسپی کے مختلف شعبوں میں دو طرفہ تعاون کے فروغ کے وسیع مواقع موجود ہیں۔شاہ محمود قریشی نے کہا کہ پاکستان 22 کروڑ آبادی کی ابھرتی ہوئی مارکیٹ ہے جہاں سرمایہ کاری کے بے شمار مواقع میسر ہیں۔