اسلام آباد(سچ خبریں)وزیر داخلہ شیخ رشید نے سینئرصحافی اطہر متین کے قتل کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ کراچی ایک بار پھر آگ اور خون میں کھیل رہا ہے۔ کراچی سمیت سندھ بھر میں سخت اقدامات کرنے ہوں گے اور کراچی کےتھانوں میں بھی رینجرزکو تعینات کرناہوگا۔
تفصیلات کے مطابق وزیر داخلہ شیخ رشید نے ڈاکوؤں کی فائرنگ سےسینئرصحافی اطہر متین کی ہلاکت پر اظہار افسوس کرتے ہوئے شدید مذمت کی۔وزیرداخلہ نے چیف سیکریٹری اور آئی جی سندھ سے واقعےکی رپورٹ طلب کرتے ہوئے کہا کہ سینئر صحافی کا ڈاکوؤں کے ہاتھوں قتل بہیمانہ واقعہ ہے۔
شیخ رشید کا کہنا تھا کہ کراچی ایک بار پھر آگ اور خون میں کھیل رہا ہے، کراچی سمیت سندھ بھر میں سخت اقدامات کرنے ہوں گے اور کراچی کےتھانوں میں بھی رینجرزکو تعینات کرناہوگا۔وفاقی وزیر داخلہ نے مزید کہا صوبے میں وزیر اعلیٰ کے بعد وزیراعظم ہی کوئی بڑا فیصلہ کرسکتے ہیں۔
دوسری جانب گورنر سندھ عمران اسماعیل نے صحافی اطہرمتین کے قتل کی مذمت کرتے ہوئے ایڈیشنل آئی جی کراچی کوملزمان کی گرفتاری کے لیے فوری کارروائی کی ہدایت کردی۔گورنرسندھ کا کہنا تھا کہ پولیس شہریوں کی جان،مال اورعزت کےتحفظ کویقینی بنائے، سندھ حکومت لاقانونیت کے خاتمہ کیلئے اقدامات کرے۔