اسلام آباد (سچ خبریں) وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ مسلم لیگ ن نے ہمیشہ ریاستی اداروں پر حملہ کیا، مسلم لیگ ن عدالتوں پر اثرانداز ہونے کے بارے میں اپنی تاریخ رکھتی ہے، سیاسی مافیا سے کچھ بھی کر سکتا ہے ،سیاسی مافیا اپنے کیسز سے بچنے کیلئے کسی بھی حد تک جاسکتا ہے۔
وزیر اعظم عمران خان کی زیر صدارت حکومتی ترجمانوں کا اجلاس ہوا، جس میں گلگت بلتستان کے سابق جج کے بیان حلفی کے معاملے پر غور کیا گیا۔اجلاس میں مشیر داخلہ شہزاد اکبر اور بیرسٹر علی ظفر نے قانونی نکات پر بریفنگ دی، شہزاد اکبر نے کہا کہ بظاہر لگتا ہے اس پلان کے پیچھے مسلم لیگ ن ہے۔
بریفنگ میں بتایا گیا کہ بیان حلفی کا مقصد مسلم لیگ ن کے قائدین کے خلاف کیسز کو متنازع بنانا ہے۔بیرسٹرعلی ظفر کا کہنا تھا کہ عدالتی کارروائی پر اثر انداز ہونے پر توہین عدالت بنتی ہے۔
واضح رہے کہ اسلام آباد ہائیکورٹ نے نواز شریف اور مریم نواز کی اپیلوں سے متعلق گلگت بلتستان کورٹ کے سابق جج کے انکشافات کے بعد معاملے کا نوٹس لے لیتے ہوئے انہیں ذاتی حیثیت میں کل طلب کرلیا ہے۔اسلام آباد ہائیکورٹ نے سابق چیف جج گلگت بلتستان رانا شمیم اور دی نیوز کے ایڈیٹر انصار عباسی کو ذاتی حیثیت میں کل صبح ساڑھے 10 بجے طلب کیا ہے۔