کوئٹہ: (سچ خبریں) گورنر بلوچستان ملک عبدالولی کاکڑ نے کہا ہے کہ وہ لاپتا افراد کے حوالے سے لانگ مارچ کے شرکا کے مطالبات پر کل اسلام آباد جاکر وزیر اعظم سے ملاقات کریں گے۔
اپنے بیان میں گورنر بلوچستان ملک عبدالولی کاکڑ نے کہا کہ لانگ مارچ کے شرکا کے مطالبات کے لیے نگران حکومت سے بھی رجوع کیا ہے، اور کل اسلام آباد پہنچ کر معاملے پر بات کریں گے۔
انہوں نے کہا کہ کل اسلام آباد جاکر وزیر اعظم سے ملاقات کروں گا اور زخمیوں کی عیادت بھی کروں گا۔
ملک عبدالولی کاکڑ نے کہا کہ اس مسئلے کو تربت میں ہی حل ہونا چاہیے تھا، یہ میری جماعت نہیں بلوچستان کا مسئلہ ہے، جبکہ میں بلوچستان اور وفاق کے درمیان پُل کا کردار ادا کروں گا۔
واضح رہے کہ آج صبح جبری گمشدگیوں اور ماورائے عدالت قتل کے خلاف بلوچ خواتین کی قیادت میں گزشتہ روز وفاقی دارالحکومت پہنچنے والے لانگ مارچ میں شرکا کے خلاف اسلام آباد پولیس نے کریک ڈاؤن کرتے ہوئے تمام بلوچ مظاہرین کو گرفتار کرلیا تھا۔
لانگ مارچ گزشتہ روز وفاقی دارالحکومت کے مضافات میں پہنچا تاہم اسلام آباد پولیس نے مظاہرین کو نیشنل پریس کلب تک پہنچنے سے روکنے کے لیے شہر کے داخلی راستوں سمیت اہم راستوں پر ناکہ بندی کر دی تھی۔
اسلام آباد پولیس نے بلوچ مظاہرین کے خلاف کریک ڈاؤن کیا، پولیس نے آپریشن 26 نمبر چونگی اور نیشنل پریس کلب کے باہر کیا، اس دوران مظاہرین کے لگائے گئے ٹینٹ اور ساونڈ سسٹم اکھاڑ دیے گئے۔
پولیسں نے واٹر کنین سے مظاہرین پر پانی بھی پھینکا، سیکٹر ایف سکیس میں آنسو گیس کی شیلنگ سے گھر میں موجود لوگ شدید متاثر ہوئے، بلوچ مظاہرین کے خلاف پولیس نے کریک ڈاؤن رات کے پچھلے پہر کیا۔