اسلام آباد (سچ خبریں) وزیر اطلاعات فواد چوہدری کا ردِعمل سامنے آ گیا انہوں نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر ٹویٹ کرتے ہوئے کہا کہ شہزاد اکبر نے شدید دباؤ میں کام کیا، مافیاز پر کام آسان نہیں تھا لیکن انہوں نے بہترین طور پر کیسز کو دیکھا۔فواد چوہدری نے شہزاد اکبر کو کوئی اور ذمے داری دیے جانے کا عندیہ دیتے ہوئے کہا کہ مزید اہم کام آپ کے منتظر ہیں۔
خیال رہے کہ وزیراعظم عمران خان کے مشیر برائے داخلہ و احتساب شہزاد اکبر عہدے سے مستعفی ہوگئے ہیں۔وزیراعظم عمران خان کے مشیر برائے داخلہ و احتساب بیرسٹر شہزاد اکبر نے اپنے عہدے سے استعفیٰ دے دیا ہے ، اس کی تصدیق انہوں نے اپنے ایک ٹویٹ سے کی ، جس میں شہزاد اکبر نے کہا کہ میں نے بطور مشیر اپنا استعفیٰ آج وزیراعظم کو بھجوا دیا ہے ، مجھے پوری امید ہے کہ پی ٹی آئی کے منشور کے مطابق احتساب کا عمل وزیراعظم عمران خان کی قیادت میں جاری رہے گا ، میں پارٹی سے وابستہ رہوں گا اور قانونی برادری کے ممبر کی حیثیت سے اپنا حصہ ڈالتا رہوں گا ۔
۔تاحال شہزاد اکبر کی جانب سے اچانک مستعفی ہونے کی وجہ نہیں بتائی گئی،شہزاد اکبر اپنی پریس کانفرنس میں اپوزیشن خصوصا شریف خاندان کو سخت تنقید کا نشانہ بناتے تھے،وزیراعظم کی جانب سے انہیں شریف خاندان کی مبینہ کرپشن بےنقاب کرنے اور عوام کے سامنے حقائق لانے کا ٹاسک دیا گیا تھا،اگرچہ شہزاد اکبر کے اچانک مستعفی ہونے کی وجہ سامنے نہیں آئی تاہم سینئر تجزیہ کاروں کی جانب سے ان کے مستعفی ہونے کی پیچھے مختلف وجوہات بتائی جا رہی ہیں۔
معروف صحافی غریدہ فاروقی نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر ٹویٹ کرتے ہوئے کہا کہ اطلاعات کے مطابق وزیراعظم شہزاد اکبر کی زیرِ قیادت احتساب کے عمل سے مطمئن نہیں تھے خاص کر اپوزیشن مخالف کیسز میں۔ انہوں نے مزید کہا کہ وزیراعظم ہاؤس کابینہ کی اہم شخصیات شہزاد اکبر کے اثرورسوخ سے کافی عرصے سے نالاں تھیں۔