اسلام آباد (سچ خبریں) وزیرِ اعظم عمران خان کے ترجمان و معاونِ خصوصی برائے سیاسی روابط شہباز گل نے اپوزیشن اتحاد پی ڈی ایم پر طنز کے تیر برسائے، ان کا کہنا ہے کہ عورتوں کو حقوق کیسے دلوانے جائیں گے جبکہ پی ڈی ایم نے عورتوں کو جلسے میں آنے کی اجازت نہیں دی۔
فیصل آباد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وزیرِ اعظم عمران خان کے ترجمان و معاونِ خصوصی برائے سیاسی روابط شہباز گل نے اپوزیشن اتحاد پی ڈی ایم پر طنز کے تیر برسائے۔انہوں نے کہا ہے کہ مولانا فضل الرحمٰن کے خواتین کے خلاف بیانات ریکارڈ پر موجود ہیں۔شہباز گل کا کہنا ہے کہ پی ڈی ایم کیا سوچتی ہے میڈیا کو بتائے، 2018ء سے پی ڈی ایم نے کئی تحریکیں چلائیں، جو سب ناکام ہوئیں۔
دوسرے جانب کراچی میں ہونے والے اپوزیشن اتحاد پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم) کے جلسے کے لیے پولیس کا سیکیورٹی پلان تیار کر لیا گیا ہے۔اس حوالے سے کراچی پولیس کے ترجمان کا کہنا ہے کہ پولیس کے 25 سینئر افسران، 65 ڈی ایس پیز اور 3 ہزار 748 اہلکار تعینات ہوں گے۔
جلسے میں ایس ایس یو کی 30 خواتین کمانڈوز سمیت 93 خواتین پولیس اہلکار بھی تعینات ہوں گی۔ایس ایس یو کے افسران سمیت 440 کمانڈوز جلسے کی سیکیورٹی کے لیے موجود ہوں گے۔کراچی پولیس کے ترجمان کی جانب سے عوام سے جلسے کے حوالے سے کسی بھی ایمرجنسی یا مشکوک سرگرمیوں کی اطلاع 15 پر دینے کی اپیل بھی کی گئی ہے۔
ٹریفک پولیس پہلے ہی متبادل راستوں کے لیے روٹ پلان جاری کر چکی ہے۔کراچی ٹریفک پولیس کے مطابق جلسہ گاہ کے اطراف ٹریفک پولیس کے 325 اہلکار تعینات رہیں گے، یہ اہلکار جلسہ گاہ کے اطراف ٹریفک کی روانی بحال رکھیں گے۔کراچی ٹریفک پولیس کا یہ بھی کہنا ہے کہ رش بڑھنے پر ٹریفک کو پیپلز چورنگی، صدر دواخانہ اور گرومندر سے متبادل راستہ دیا جائے گا۔