پشاور (سچ خبریں)تفصیلات کے مطابق خیبرپختونخواہ بلدیاتی انتخابات کے پہلے مرحلے میں الیکشن کمیشن نے 12 مختلف اضلاع کے 221 پولنگ اسٹیشنز پر دوبارہ پولنگ کا اعلان کردیا ہے۔ پولنگ 13 فروری کو ہوگی۔ پولنگ ان پولنگ اسٹیشن پر ہو گی جہاں الیکشن مواد، پولنگ ریکارڈ، بیلٹ بکس چھینے، اسٹاف کے غوا اور یرغمال بنانے کے واقعات ہوئے تھے۔
پشاور کے 1، نوشہرہ 2، خیبر کے 29 پولنگ اسٹیشنز پر دوبارہ پولنگ ہوگی۔ جبکہ مردان کے 3، کوہاٹ درہ آدم خیل کے تمام 54 پولنگ اسٹیشنز پر دوبارہ پولنگ کا حکم دیا گیا ہے۔ پولنگ ان نشتوں پر بھی ہوگی جہاں امیدوار انتقال کر گئے تھے جبکہ 6 پولنگ اسٹیشن کے کیسز ابھی عدالت میں ہیں جن پر جلد فیصلہ ہو گا۔
پولنگ صبح 8 سے شام 5 بجے تک ہو گی۔ دوسری جانب خیبرپختونخواہ بلدیاتی انتخابات کے دوسرے مرحلے میں پولنگ اسٹیشنز پر فوج تعینات کرنے کا فیصلہ بھی کیا گیا تھا۔
بلدیاتی انتخابات کے پہلے مرحلے میں پولنگ اسٹیشنز پر بدانتظامی سے متعلق واقعات سامنے آنے کے بعد ای سی پی نے انتخابات کے دوران پولنگ اسٹیشنز پر پولیس کے ساتھ فوجی اہلکار بھی تعینات کرنے کا فیصلہ کیا۔ اپنے بیان میں الیکشن کمیشن نے بلدیاتی انتخابات میں ووٹنگ کے دوران پولنگ اسٹیشنز پر سیکیورٹی فراہم کرنے میں خیبر پختونخوا حکومت کی ناکامی پر تشویش کا اظہار کیا ۔
خیال رہے کہ پہلے مرحلے میں صوبے کے 17 اضلاع میں بلدیاتی انتخابات منعقد کیے گئے تھے جبکہ ای سی پی نے باقی 18 اضلاع میں بلدیاتی انتخابات کے لیے 27 مارچ کی تاریخ مقرر کی ہے۔ خیبرپختونخواہ میں پہلے مرحلے میں بونیر، باجوڑ، صوابی، نوشہرہ، کوہاٹ، کرک، ڈیرہ اسمٰعیل خان، بنو، ٹانک، ہری پور، خیبر، مہمند، چارسدہ، ہنگو اور لکی مروت کے اضلاع میں انتخابات منعقد ہوئے تھے۔