بیجنگ(سچ خبریں) چین نے مصنوعی سورج کا کامیاب تجربہ کر لیا، یہ مصنوعی سورج تھرمونیوکلیئر فیوژن کے عمل کے ذریعے توانائی پیدا کرتا ہے، چینی سائنس دانوں نے فیوژن ری ایکٹر کے آزمائشی تجربے کے دوران 12 کروڑ ڈگری سینٹی گریڈ کا پلازما درجہ حرارت پیدا کرکے نیا عالمی ریکارڈ بنالیا۔
غیر ملکی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق چین نے مصنوعی سورج کا ایک کامیاب تجربہ کرلیا، اس تجربے کے دوران سائنس دانوں نے فیوژن ری ایکٹر پر 101 سیکنڈ تک درجہ حرارت پیدا کیا گیا تھا۔
اس کامیابی کا اعلان چینی اکیڈمی آف سائنسز میں انسٹی ٹیوٹ آف پلازما فزکس کے ایک محقق گونگ شیانژو نے کیا، انہوں نے بتایا کہ 20 سیکنڈ تک 16 کروڑ سینٹی گریڈ کے پلازما درجہ حرارت کے حصول میں بھی کامیابی ہوگئی۔
خیال رہے کہ چینی سائنسدانوں نے مصنوعی سورج کو 2016 میں تیار کرکے پہلا تجربہ بھی اسی برس کیا تھا، تجربے کے دوران مصنوعی سورج کا درجہ حرارت 50ملین ڈگری سینٹی گریڈ سے بھی زائد تھا، یہ سورج ہیفی انسٹیٹیوٹ آف فزیکل سائنس کے ماہرین نے ایجاد کیا ہے۔
انسٹیٹیوٹ کے سائنسدان ژو جیانان کا کہنا تھا کہ ”یہ مصنوعی سورج تھرمونیوکلیئر فیوژن کے عمل کے ذریعے توانائی پیدا کرتا ہے اور اس کے ذریعے لامحدود توانائی حاصل کی جا سکتی ہے، تجربے کے دوران اس سورج سے 102سیکنڈز تک 50ملین ڈگری سینٹی گریڈ تک توانائی حاصل کی گئی تھی۔