سچ خبریں: غزہ میں فلسطینی حکومت کے میڈیا آفس کے ڈائریکٹر نے غزہ کے رہائشی سینکڑوں فلسطینی صحافیوں کی شہادت اور زخمی ہونے کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ یہاں کے لوگوں کو زبردستی ملک بدر کرنا ایک بہت بڑی امریکی-صیہونی سازش ہے۔
انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ غزہ کے لوگوں کو زبردستی نقل مکانی کروانا دراصل فلسطینی عوام کے خلاف ایک منظم اور بڑی سازش کا حصہ ہے، جس کا مقصد غزہ کو خالی کرانا اور فلسطینی عوام کی مزاحمت کو کمزور کرنا ہے۔
یہ بھی پڑھیں: مصری صدر نے صیہونیوں کو کون سے دو راستے دکھائے ہیں؟
یاد رہے کہ صیہونی حکومت نے غزہ پر 377 دن سے زائد کی جارحیت، جرائم اور نسل کشی کے دوران کسی بھی غیر قانونی اور مجرمانہ کارروائی سے دریغ نہیں کیا، ان جرائم کے مختلف پہلوؤں میں سے ایک سینکڑوں صحافیوں کو شہید کرنا اور غزہ کی پٹی کے اسپتالوں کو تباہ کرنا ہے۔
اس وقت، جنگ اور نسل کشی کے ایک سال سے زائد عرصہ گزرنے کے باوجود غزہ میں طبی کے اداروں کی حالت اور صحافیوں کے کام کی صورتحال انتہائی تباہ کن ہے،تاہم عالمی برادری نے ابھی تک صہیونی ریاست کے خلاف کوئی مؤثر اقدام نہیں کیا۔
انسانی امداد کی صورتحال
غزہ میں فلسطینی حکومت کے میڈیا آفس کے ڈائریکٹر اسماعیل ثوابتہ نے ایک انٹرویو میں کہا کہ شمالی غزہ کے لوگ انتہائی مشکل انسانی حالات میں زندگی گزار رہے ہیں اور صہیونی قابض فورسز نے 170 دن سے زیادہ عرصے سے انسانی امداد کے داخلے کو روک رکھا ہے۔
انہوں نے کہا کہ قابضین نہ صرف انسانی امداد بلکہ دیگر ضروری اشیاء اور سامان کی ترسیل کو بھی شمالی غزہ میں روک رہے ہیں، ان کا مقصد قتل و غارت گری، نسل کشی اور شمالی غزہ کی تباہی کے ذریعے اس علاقے کو خالی کرانا ہے، تاکہ یہاں کے لوگ بھوک اور خوف کے مارے نقل مکانی پر مجبور ہو جائیں۔
شمالی اور جنوبی غزہ کی تقسیم
ثوابتہ کے مطابق، صہیونی فوج شمالی غزہ کو جنوبی حصے سے الگ کرنے کی کوشش کر رہی ہے، جس کا مقصد بھوک کا دائرہ وسیع کرتے ہوئے لوگوں کو جنوبی حصے کی طرف نقل مکانی پر مجبور کرنا ہے، اور پھر انہیں مصر منتقل کرنا ہے۔
شمالی غزہ میں انسانی بحران اپنے عروج پر ہے، اور صہیونی ریاست اس علاقے میں زیادہ سے زیادہ نسل کشی اور قتل عام کر رہی ہے، مثال کے طور پر جبالیا میں ابو حسین اسکول پر ہونے والا حالیہ میزائل حملہ، جہاں 8000 سے زائد پناہ گزین رہائش پذیر تھے، ایک سنگین قتل عام تھا۔
صحافیوں کی شہادت
غزہ کی جنگ کے دوران، صہیونی فوج نے 177 صحافیوں کو شہید اور 396 کو زخمی کیا ہے، جبکہ 36 صحافیوں کو گرفتار کیا ہے، صہیونی حکومت کی طرف سے صحافیوں پر حملے مسلسل جاری ہیں، صحافیوں کو نشانہ بنانے کا مقصد ان کی آواز کو خاموش کرنا اور دنیا تک فلسطینی عوام کی حالت زار پہنچانے سے روکنا ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ صحافیوں کو اپنی حفاظت کا خیال رکھنا چاہیے، اور ایسی حفاظتی تدابیر اپنانی چاہئیں جو بطور صحافی ان کی شناخت کو ظاہر کریں، تاکہ وہ صہیونی فورسز کے نشانہ بازوں، ڈرونز اور ٹینکوں سے محفوظ رہ سکیں۔
صیہونی حکومت نے صحافیوں کے قتل کو اپنی ایک بڑی ترجیح بنا لیا ہے، تاکہ انہیں خوفزدہ کر کے ان کی صحافتی اور اطلاعاتی ذمہ داریوں کو انجام دینے سے روکا جا سکے۔
صحافیوں کی گرفتاری اور قتل کے ذریعے، وہ حقیقت کو خاموش کرنے کی کوشش کر رہے ہیں، صیہونی حکومت چاہتی ہے کہ صحافیوں کی زبانیں حقیقت بیان کرنے سے روک دی جائیں، لیکن تمام تر دھمکیوں اور قتل کے باوجود، غزہ میں صحافیوں کی سرگرمیاں جاری ہیں۔
ہم صحافیوں کے خلاف صیہونی حکومت کے جرائم، قتل، حملے اور گرفتاریوں کی شدید مذمت کرتے ہیں، اس کے ساتھ ساتھ، ہم صیہونی حکومت کی جانب سے میزائل حملے اور میڈیا کے مختلف مراکز کی تباہی کی بھی مذمت کرتے ہیں۔
ہم قابض فورسز اور امریکی حکومت کو غزہ میں جاری نسل کشی اور فلسطینی صحافیوں پر حملوں کے لیے مکمل طور پر ذمہ دار ٹھہراتے ہیں، اور عالمی برادری اور تمام بین الاقوامی تنظیموں سے مطالبہ کرتے ہیں کہ وہ صیہونی حکومت پر دباؤ ڈالیں تاکہ نسل کشی اور صحافیوں پر حملے بند کیے جائیں اور ان کی گرفتاریوں کو روکا جائے۔ ہم اپنے قید ساتھیوں کی فوری رہائی کا بھی مطالبہ کرتے ہیں، جو صیہونی جیلوں میں بند ہیں۔
اسپتالوں کی صورتحال
اسپتالوں کی حالت انتہائی تشویشناک ہے، ضروری ادویات اور طبی آلات کی فراہمی میں شدید رکاوٹیں ہیں، جس کے باعث مریض، خاص طور پر بچے، اپنی علاج کی ضرورت پوری کرنے میں مشکلات کا شکار ہیں۔
صیہونی حکومت نے غزہ کی ناکہ بندی کے نتیجے میں اسپتالوں کو ادویات اور طبی آلات کی فراہمی کو محدود کر دیا ہے، جس سے وہاں کے شہریوں کو شدید مشکلات کا سامنا ہے۔
اسرائیلی فوج جان بوجھ کر غزہ کی پٹی میں صحت کے نظام، خاص طور پر شمالی صوبوں اور غزہ صوبے میں، کو تباہ کرنے کی کوشش کر رہی ہے۔
اب تک، اسرائیلی قابض فورسز نے 34 سے زائد اسپتالوں کو تباہ کیا یا انہیں آگ لگا دی، جس کی وجہ سے وہ خدمت سے باہر ہو چکے ہیں۔
اس وقت صوبہ مرکزی میں صرف ایک سرکاری اسپتال، یعنی شہداء الاقصی اسپتال، فعال ہے، جو نہایت چھوٹا ہے اور ایک ملین سے زائد آبادی کو صحت کی خدمات فراہم کرنے کی صلاحیت نہیں رکھتا۔
اب تک، قابض افواج نے 986 ڈاکٹروں، نرسوں اور طبی عملے کے افراد کو شہید کیا ہے، جبکہ 310 طبی عملے کے افراد کو گرفتار کر لیا ہے، جن میں سے 3 کو اسرائیلی جیلوں میں پھانسی دی گئی ہے۔
ان میں أیاد الرنتیسی، زیاد الدلو اور عدنان البرش شامل ہیں۔ مزید کئی افراد بھی ہیں جن کی شناخت ابھی تک واضح نہیں ہوئی۔
اسرائیلی حکومت نے الشفا اسپتال پر حملہ کر کے غزہ کے صحت کے نظام کو شدید نقصان پہنچایا۔ ہم نے بارہا صحرائی اسپتالوں کے قیام اور بین الاقوامی طبی ماہرین کی غزہ اور اس کے شمالی علاقوں میں تعیناتی کا مطالبہ کیا ہے۔
مزید پڑھیں: کیا صیہونی حکومت فلسطینیوں کی جبری نقل مکانی کر سکے گی؟
ہمیں کم از کم 200 بستروں، آپریشن تھیٹروں، آئی سی یو اور لیبارٹری اور تشخیصی خدمات کے ساتھ ایک صحرائی اسپتال کی اشد ضرورت ہے، تاکہ غزہ اور شمالی غزہ کے رہائشیوں کی ضروریات کو پورا کیا جا سکے۔ اسی طرح کے اقدامات جنوبی صوبوں میں بھی ضروری ہیں۔
صیہونی حکومت نے جان بوجھ کر شفا اسپتال اور دیگر اسپتالوں پر حملے کر کے وہاں کے طبی عملے اور مریضوں کو شہید کیا۔ ہم نے اپنے بہت سے ماہر طبی عملے کو کھو دیا ہے، جو صحت کے نظام کی بنیاد تھے، اس لیے غزہ میں صحت کا نظام انتہائی تباہ کن حالت میں ہے۔