ترکی کی وزارت دفاع نے ایک بیان میں کہا ہے کہ شمالی شام میں ترک فوجی قافلے پر حملے میں اس ملک کےدو فوجی ہلاک اور دو دیگر زخمی ہوگئے ہیں۔
روزنامہ ڈیلی صباح کی رپورٹ کے مطابق ترک وزارت دفاع نے ایک بیان میں کہا ہے کہ شمالی شام میں کم از کم چار ترک فوجی ہلاک اور زخمی ہوئے ہیں، رپورٹ کے مطابق بیان میں کہا گیا ہے کہ شمالی شام کے علاقے الباب میں ترک فوجی قافلے پر حملے میں دو ترک فوجی ہلاک ہوگئے، اس حملے میں دو دیگر ترک فوجی زخمی بھی ہوئے ہیں، زخمیوں کو اسپتال لے جایا گیا ہے ۔
ترکی کی وزارت دفاع کے مطابق یہ حملہ اس وقت ہوا جب فوجی قافلہ الباب علاقہ میں ترکی کے فوجی اڈے کی طرف جا رہا تھا ، دریں اثنا ترکی کی وزارت دفاع نے مزید کہا کہ حملہ کرنے والے دہشت گردوںکے ہیڈ کوارٹر کو نشانہ بنایا گیا ہے۔
قابل ذکر ہے کہ امریکہ کی طرح ترکی نے شام کے کچھ حصوں پر قبضہ کر رکھا ہے اور انھیں اپنے سرزمین کا حصہ سمجھتا ہے، وہاں اپنے من مانے قانون نافذ کرتا ہے نیز شامی شہریوں پر پانی بند کرنے ،انھیں زبردستی فوج میں بھرتی کرنے سمیت طرح طرح کے مظالم سے دریغ نہیں کرتاجبکہ شامی حکومت نے اپنے ملک میں ترک فوجیوں کی موجودگی کو قبضے اور دمشق کی خودمختاری اور علاقائی سالمیت کی خلاف ورزی قرار دیا ہے نیز اس سلسلہ میں شامی عوام نے متعدد بار مظاہرے کیے ہیں اور ترکی کو اپنے ملک سے چلے جانے کو کہا ہے تاہم ترک حکام پر اس احتجاج کا کوئی اثر نہیں ہوا ہے۔