سچ خبریں:سعودی عرب نے یوکرین کے لیے 400 ملین ڈالر کی انسانی امداد کا اعلان کیا ہے۔
روئٹرز نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق سعودی عرب کی سرکاری خبر رساں ایجنسی نے اعلان کیا کہ یہ ملک یوکرین کو 400 ملین ڈالر کی انسانی امداد فراہم کرے گا،اس خبر میں کہا گیا ہے کہ سعودی عرب کے ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان نے جمعے کے روز یوکرین کے صدر ولادیمیر زیلنسکی سے فون پر بات کی جس کے دوران انہوں نے یوکرین کے لیے اپنی نقد امداد کا اعلان کیا۔
یہ بھی کہا جاتا ہے کہ اس فون کال میں سعودی عرب کے ولی عہد نے ثالثی کی کوششوں کو جاری رکھنے اور یوکرین جنگ میں کشیدگی کو کم کرنے میں مدد دینے والی ہر چیز کی حمایت کرنے کے لیے اپنے ملک کی تیاری کا اظہار کیا ہے،اسی دوران یوکرین کے صدر ولادیمیر زیلینسکی نے بھی سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان سے فون پر بات کرنے کا اعلان کیا۔
زیلنسکی نے کہا کہ وہ سعودی ولی عہد کے ساتھ قیدیوں کی رہائی میں تعاون اور مالی امداد فراہم کرنے کے لیے ایک معاہدہ کر چکے ہی،یاد رہے کہ سعودی عرب نے اس سے قبل روس اور یوکرین کے درمیان قیدیوں کے تبادلے کے لیے ثالثی کی تھی۔
واضح رہے کہ تقریباً ایک ماہ قبل سعودی عرب کی وزارت خارجہ نے ایک بیان میں اعلان کیا تھا کہ روس نے یوکرین میں 10 غیر ملکی جنگی قیدیوں کو رہا کیا، جن میں 5 برطانوی، دو امریکی اور سویڈن، کروشیا اور مراکش کے تین شہری شامل ہیں، تبادلے کے فریم ورک کے اندر، سعودی عرب کی ثالثی سے جنگی قیدیوں کا جہاز سعودی عرب پہنچ گیا۔